1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملا عمر کی ہلاکت کی افواہ فون ہیکنگ کا نتیجہ، طالبان

20 جولائی 2011

افغانستان میں طالبان کے ایک رہنما نے کہا ہے کہ ان کے روپوش رہنما ملا عمر زندہ ہیں اور خیریت سے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11zzj
تصویر: AP

ترجمان نے ایک نامعلوم جگہ سے فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی یہ افواہیں درست نہیں کہ ملا عمر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملا عمر کی ہلاکت کی جھوٹی خبر میڈیا میں مبینہ طور پر امریکی ذرائع نے پھیلائی ہے۔ ترجمان کے بقول اس واقعے سے قبل طالبان کے ایک ترجمان نے اپنے ایک ٹیلی فون سے ذرائع ابلاغ کو ایک ٹیکسٹ میسیج بھیجا تھا، جس کے بعد امریکی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے اس ٹیلی فون کو ہیک کر لیا تھا۔

ٹیلی فون ہیکنگ کے اس واقعے کے بعد میڈیا کو جو مبینہ جعلی پیغام بھیجا گیا تھا، اس میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ کہا گیا تھا کہ ’’اسلامی امارات افغانستان کے امیر المومنین ملا عمر انتقال کر گئے ہیں، خدا ان کی مغفرت کرے۔‘‘

Afghanistan Taliban Mullah Omar
روپوش رہنما ملا عمر زندہ ہیںتصویر: AP

ذبیح اللہ مجاہد نےAFP کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ذرائع ابلاغ کو اپنے موبائل ٹیلی فون سے یہ تحریری پیغام انہوں نے نہیں بھیجا تھا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہ ملا عمر خیریت سے ہیں، انہیں ان کی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں ہے اور امریکی خفیہ اداروں نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے طالبان کے موبائل فونز کی ہیکنگ کے بعد یہ پیغام ذرائع ابلاغ کو بھیجا۔

طالبان کے ایک اور ترجمان قاری یوسف احمدی نے خبر ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ملا عمر افغانستان میں ہیں، جہاں وہ طالبان کی قیادت کرتے ہوئے جہاد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یوسف احمدی کے بقول امریکی خفیہ اہلکاروں نے طالبان کے موبائل فونز ہیک کر کے ان ہی کے نمبروں سے میڈیا کو جو پیغام بھیجے، ان کی تعداد ایک سے زیادہ ہے۔

Krieg in Afghanistan
طالبان نے ٹیلی فون کمپنی سے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہےتصویر: AP

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق طالبان کے اس ترجمان نے یہ دھمکی بھی دی کہ طالبان اُس موبائل فون کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کریں گے، جس کی وجہ سے امریکی خفیہ اہلکار طالبان کے ٹیلی فون ہیک کرنے میں کامیاب ہوئے۔

افغانستان میں طالبان تحریک کا آغاز جنوبی شہر قندھار سے ہوا تھا اور یہ شہر آج بھی اس جنگ زدہ ملک میں طالبان کی طاقت کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ قندھار میں انٹیلی جینس کے شعبے کے نائب سربراہ عبد الوہاب شاہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ افغانستان کے انٹیلی جینس کے قومی مرکز NDS کو اپنے ذرائع سے ملا عمر کی مبینہ ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ وہاب شاہ کے مطابق اس بارے میں شروع میں خود طالبان ہی کی طرف سے ایک پیغام میں ملا عمر کی مبینہ ہلاکت کا ذکر گیا تھا۔ بعد میں ملنے والی میڈیا رپورٹوں میں طالبان کی طرف سے ان کی روپوش رہنما کی مبینہ ہلاکت کی تردید کی اطلاعات بھی ملی ہیں تاہم NDS کے اپنے ذرائع نے ایسی کسی خبر کی کوئی تصدیق نہیں کی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں