ممبئی کا کنگ کون؟ مافیا پر پھر ایک فلم
6 ستمبر 2017بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں متحرک خوف ناک گروہ پر بنائی جانے والی فلم ’ڈیڈی‘ میں ایک غنڈے کی زندگی کی کہانی دکھائی گئی ہے، جو بعد میں سیاست دان بن جاتا ہے۔ جمعے کے روز سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی اس فلم سے ایک ماہ قبل ممبئی کے سب سے مطلوب ملزم ’داؤد ابراہیم‘ کی بہن کی کہانی پر بنائی جانے والی ایک فلم بھی شائقین کے لیے پیش کی گئی تھی۔
دیپیکا پاڈوکون اور عرفان خان انڈرگراؤنڈ گروہ پر بنائی جانے والی تیسری فلم کی شوٹنگ اگلے برس شروع کریں گے۔ ’ڈیڈی‘ کے ڈائریکٹر آشم آہووالیا کے جانب سے بنائی جانے والی یہ فلم، ممبئی کے ایک سابقہ مافیا سربراہ، جو ایک مقامی کونسلر کے قتل کے جرم میں اس وقت عمر قید کاٹ رہے ہیں، کسی چیلنج سے کم نہیں تھی۔
’ٹوائلٹ‘ کے بعد ’مردانہ کمزوری‘، بالی ووڈ کے نئے موضوعات
لپ اسٹک انڈر مائی برقعہ ، عورت کے جنسی انحراف کی کہانی
بالی وڈ فلم ’دنگل‘ نے چینی باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے
’’اب گاؤلی ( سابقہ مافیہ باس) بوڑھا ہو چکا ہے اور ہم نے یہ فلم ان کے خاندان کی مرضی سے بنائی ہے۔ ان کی مرضی شامل نہ ہوتی، تو ہم فلم نہ بناتے۔‘‘
آہووالیا کا خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں مزید کہنا تھا، ’’میرے خیال میں اب اسے لگتا ہے کہ اس کا وقت گزر چکا اور اس کی وجہ سے اس کے خاندان نے بہت دکھ اٹھائے۔ ہمیں گاؤلی کے خاندان کا اعتبار درکار تھا اور ہم نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ ہم غلط انداز سے کوئی بھی کردار پیش نہیں کریں گے۔‘‘
آہووالیا کے مطابق، ’’اس فلم میں کچھ کردار ایسے ضرور ہیں، جن کی مرضی فلم بناتے ہوئے نہیں لی گئی اور انہیں اس پر غصہ ہے، جن میں کچھ سیاست دان بھی شامل ہیں اور اسی وجہ سے ہمیں دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں، مگر دھمکیاں ایسے کسی موضوع پر فلم بنانے کا حصہ ہوتی ہیں۔‘‘
اس فلم میں ارجن رام پال نے گاؤلی کا کردار نبھایا ہے۔ 80 اور 90 کی دہائی میں گاؤلی کو ’ڈیڈی‘ کی عرفیت سے پکارا جاتا تھا۔ گاؤلی کا گینگ داؤد ابراہیم کے خطرناک گروہ ڈی کمپنی کے ساتھ کئی برسوں تک خون ریز لڑائی میں مصروف رہا۔ گاؤلی پر متعدد طرح کے جرائم کے الزامات عائد تھے اور اگست 2012 میں انہیں شیو سینا پارٹی سے تعلق رکھنے والے مقامی کونسلر کملاکر جامسندیکر کو ہلاک کرنے کے جرم میں عمر قید سنا دی گئی۔ 62 سالہ گاؤلی اب وسطی بھارتی شہر ناگ پور کی ایک جیل میں قید ہے۔