1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین یورپ میں بیماریاں منتقل کر رہے ہیں، کاچِنسکی

عاطف بلوچ14 اکتوبر 2015

سابق پولش وزیر اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپ پہنچنے والے مسلمان مہاجرین ایسی بیماریاں بھی اپنے ساتھ لا رہے ہیں، جن سے مقامی آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کے اس شدید بیان سے پولینڈ کے کئی حلقوں کو ایک دھچکا لگا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GoT2
Europa Serbien Flüchtlinge Migranten Ankunft Kind Junge
یورپ کو اس وقت مہاجرینکے ایک بڑے بحران کا سامنا ہےتصویر: Reuters/A. Bronic

سابق پولش وزیر اعظم یاروسلاف کاچِنسکی کے اس بیان پر فوری طور پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔ حریف سیاسی جماعتوں نے کاچِنسکی کے اس قسم کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بائیں بازو کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے Janusz Palikot نے اس بیان کو نسل پرستی پر مبنی قرار دے دیا ہے۔

پولینڈ کی سیاسی جماعت لاء اینڈ جسٹس پارٹی سے تعلق رکھنے والے کاچِنسکی نے یہ بیان منگل 13 اکتوبر کو دیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سیاسی جماعت پچیس اکتوبر کو منعقد کیے جانے والے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کر لے گی۔ کچھ مبصرین نے کاچِنسکی کے اس بیان کو ایک سیاسی چال بھی قرار دیا ہے۔

پولینڈ کی موجودہ حکومت نے کہا ہے کہ وہ سات ہزار مہاجرین کو پناہ دے گی۔ یورپی یونین کے کوٹہ سسٹم کے تحت ان مہاجرین کو پولینڈ میں آباد کیا جائے گا۔ تاہم کٹر کیتھولک اقدار والے اس ملک کے عوام نے زور دیا ہے کہ پولینڈ میں کسی مسلمان کو پناہ نہ دی جائے۔ ناقدین کے بقول اسی عوامی رائے سے کاچِنسکی کو شہہ ملی کہ وہ ایسا متنازعہ بیان جاری کریں۔

سابق پولش وزیر اعظم نےMakow Mazowiecki نامی ایک قصبے میں اپنے حامی ووٹروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’ابھی سے یورپ میں ایسی خطرناک بیماریوں کے پھوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو ایک طویل عرصے سے یہاں نہیں دیکھی گئی تھیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یونانی جزیروں پر ہیضہ، آسٹریا میں پیچش اور دیگر بہت سی انفیکشنز ہیں، جو ان افراد (مہاجرین) کی جینیاتی بناوٹ کی وجہ سے ان کے لیے خطرناک نہیں لیکن یورپ کی آبادی کے لیے خطرناک ہیں۔

سابق پولش وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جائے لیکن اس حوالے سے احتیاط ضروری ہے۔ بدھ کے دن انہوں نے اپنے حریفوں کی طرف سے کی جانے والی تنقید کو نظر انداز کر دیا۔

Jaroslaw Kaczynski
سابق پولش وزیر اعظم یاروسلاف کاچِنسکی کے اس بیان پر فوری طور پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہےتصویر: Reuters

بائیں بازو کے نظریات کے حامل پولش سیاستدان Andrzej Celinski نے کہا ہے کہ کاچِنسکی نے وہی زبان استعمال کی ہے، جو نازی کیا کرتے تھے، ’’طفیلیوں سے لوگوں کو ڈرانے کی کوشش نازی کیا کرتے تھے۔‘‘ ٹی وی این 24 سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’ کاچِنسکی کو معلوم ہونا چاہیے، وہ بے وقوف نہیں ہیں۔‘‘

عوامی جائزوں کے مطابق کاچِنسکی کی سیاسی جماعت لاء اینڈ جسٹس پارٹی کو حکمران جماعت ’سوَک پلیٹ فارم‘ پر برتری حاصل ہے۔ تاہم 2006ء اور 2007ء میں وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والے کاچِنسکی اس مرتبہ اس عہدے کے لیے مقابلے میں نہیں ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید