میانمار میں سول نافرمانی، کورونا ویکسین سے انکار
27 جولائی 2021میانمار میں بڑی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی حکومت کو قریب پانچ ماہ قبل فوج کے سینیئر جرنیل نے ختم کر کے خود اقتدار سنبھال لیا تھا۔ عوام نے اس فوجی حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا اور مختلف طریقوں سے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
فوج کا سویلین اور جمہوری طور پر منتخب حکومت کو فارغ کرنے پر جگ ہنسائی اور مذمت کی گئی تو دوسری جانب کورونا وائرس کی تیسری لہر نے سارے ملک کو بتدریج اپنی گرفت میں لے لیا۔
ویکسین لگوانے سے عوام انکاری
میانمار میں جمہوری حکومت نے عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی مدافعتی ویکسین لگانے کی ابتدائی منصوبہ بندی کی تھی، جس پر اب فوجی حکومت عمل پیرا ہے۔ عوام فوجی حکومت کی مخالفت میں ویکسین نہیں لگوا رہے کیونکہ یہ سول نافرمانی کی تحریک کا حصہ ہے۔
" فوج کورونا کی آڑ میں اپنا سیاسی ایجنڈا پھیلا رہی ہے"
ایک درمیانی عمر کی خاتون نے ینگون سے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اس کی بوڑھی ماں بھی ویکسین لگوانے سے انکار کرتی ہیں اور ان کا بھی کہنا ہے کہ ابھی انقلاب کا عمل جاری ہے۔ خاتون کے مطابق اس کا بھائی ڈاکٹر ہے اور سول نافرمانی تحریک کا حصہ ہے اور اسی وجہ سے ماں بھی بیٹے کے ساتھ کھڑی ہے۔
کئی لوگوں کو خوف لاحق ہے کہ ویکسین لگوانے پر انہیں فوجی حکومت مخالف اور جمہوریت نوازوں کے غصے اور غضب کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جن افراد نے ویکسین لگوا لی ہے انہیں سوشل میڈیا پر جمہوریت نوازوں کی جانب سے شرمندہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
میانمار کو ہتھیار فروخت نہ کیے جائیں، اقوام متحدہ کی قرارداد
سول نافرمانی کی تحریک
میانمار کے ہیلتھ سیکٹر کے کئی افراد سول نافرمانی کی تحریک میں کام چھوڑنے والے اولین لوگ تھے اور اب یہ فوجی حکومت کی مخالف تحریک میں بھرپور طریقے سے شامل ہیں۔ حکومت کے کئی دوسرے محکموں کے بے شمار افراد بھی اب سول نافرمانی کی اس تحریک کا حصہ بن چکے ہیں۔
حکومت کے حامی بعض ڈاکٹروں نے مریضوں کا علاج بھی کیا لیکن اب نجی کلینکس پر پولیس اور فوج کا پہرا لگا دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی ایسے ڈاکٹروں کے خلاف کی گئی ہے جو فوجی حکومت کے مخالف ہیں۔
میانمار میں تشدد جنوبی ایشا کو غیر مستحکم کر سکتا ہے، اقوام متحدہ
کمزور ہیلتھ سسٹم
بظاہر ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر نے میانمار پر جب دھاوا بولا تو اُس وقت ہسپتالوں میں کسی حد تک ایمرجنسی کے حالات پیدا ہو چکے تھے کیونکہ کئی ڈاکٹروں اور دیگر طبی امدادی عملے نے فوجی حکومت کے خلاف جاری تحریک میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اس صورت حال نے ہیلتھ سسٹم پر معمول سے کہیں زیادہ دباؤ پیدا کر دیا۔
دوسری جانب کورونا انفیکشنز بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں اور طبی عملے کی کمیابی سے مجموعی حالات گھمبیر ہو گئے ہیں۔
ہلاکتوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں میں ہے، پچیس جولائی کر ساڑھے تین سو سے زائد انسانی جانیں موت کے منہ میں چلی گئی تھیں۔ مجموعی ہلاکتیں سات ہزار ایک سو بتائی جاتی ہیں۔
ابھی حال ہی میں فوجی حکومت کے سربراہ مِن آنگ ہلینگ نے نوکریوں سے دور رہنے والے ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کا حصہ بنیں اور بیمار افراد کے علاج کے لیے اپنا کام شروع کریں کیونکہ ملک کو اس وقت کووڈ ایمرجنسی کا سامنا ہے۔
ماؤنگ بو۔ ینگون (ع ح / ع ب)