میرکل نے انتخابی مہم درمیان میں کیوں چھوڑ دی؟
24 جولائی 2017جرمنی کے وفاقی پارلیمانی انتخابات سے صرف دو ماہ قبل ہی جرمن چانسلر انگیلا میرکل ایک ایسے وقت پر تین ہفتے کی چھٹی پر چلی گئی ہیں، جب ان کی سیاسی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی انتخابی مہم بیچ میں ہے۔
'مہاجرین‘ جرمنی میں انتخابی مہم کا اہم موضوع
جرمن الیکشن، میرکل کی مقبولیت میں ’ریکارڈ اضافہ‘
چانسلر میرکل کا ’امتحان سے پہلے امتحان‘
جرمن پارلیمانی انتخابات سے قبل کروائے جانے والے متعدد جائزوں کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کو دیگر پارٹیوں پر معقول برتری حاصل ہے۔ اس صورتحال میں میرکل کا چھٹی پر جانا ان کا مناسب فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق تین ہفتے کی چھٹیوں کے دوران میرکل اطالوی ایلپس پر اوپرا دیکھنے میں وقت گزاریں گی۔ تاہم سرکاری طور پر میرکل کے چھٹیوں کے پروگرام کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
چوبیس ستمبر کے الیکشن میں میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر بننے کی خاطر میدان میں اتریں گی۔
ناقدین کے مطابق انہیں اعتماد ہے کہ ان کی پارٹی آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کر لے گی، اس لیے وہ اس اہم انتخابی معرکے سے قبل تازہ دم ہونے کی خاطر چھٹی پر گئی ہیں۔
تاہم دوسری طرف کچھ حلقوں کے خیال میں یہ یقینی امر نہیں ہے کہ آئندہ انتخابات میں کرسچن ڈیموکریٹک یونین ہی کامیابی حاصل کرے گی۔
کچھ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ میرکل اس اہم وقت پر اس لیے چھٹی پر گئی ہیں تاکہ ان سے منسوب کوئی ایسی خبر گردش میں نہ آجائے، جس سے ان کے بارے میں عوام کی اچھی رائے ناخوشگوار ہو جائے۔ جرمنی میں موسم گرما کے اس سیزن میں زیادہ تر لوگ سالانہ چھٹیاں مناتے ہیں، اس لیے ان کے لیے یہ کوئی عجیب بات نہیں کہ میرکل اس مخصوص وقت میں چانسلر دفتر چھوڑ کر چھٹی منانے کیوں گئی ہیں۔ البتہ ان کا یہ خیال ہو سکتا ہے کہ میرکل اپنے کاموں اور پالیسیوں پر پُراعتماد ہیں، اسی لیے وہ انتخابات سے دو ماہ قبل ایک اہم وقت پر آرام کرنے کی غرض سے چھٹیاں غائب ہوئی ہیں۔
برلن کی فری یونیورسٹی سے وابستہ ماہر سیاسیات نیلس ڈائڈرش کہتے ہیں، ’’ وہ (میرکل) اس تمام انتخابی مہم کو پرسکون بنانا چاہتی ہیں، اسی لیے انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے عین درمیان میں چھٹی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کے الیکشن کی موجودہ مہم پہلے ہی جوش وجذبے سے عاری ہے اور میرکل کا اس طرح سیاسی منظر نامے سے غائب ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔
جمعے کے دن جاری کردہ ایک نئے عوامی جائزے کے مطابق میرکل کے قدامت پسند اتحاد کو چالیس فیصد عوامی حمایت حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت سوشل ڈیموکریٹک یونین کو چوبیس۔ اگر یہ جائزے درست ثابت ہو جاتے ہیں تو الیکشن کے بعد میرکل کے اتحاد کو حکومت سازی کے لیے کوئی مشکل نہیں ہو گی اور انگیلا میرکل چوتھی مرتبہ بھی جرمنی کی چانسلر بننے کے قابل ہو جائیں گی۔