1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میونخ کے ہوائی اڈے پر خطرہ ٹل گیا، پروازیں بحال

27 اگست 2019

پولیس نے جرمن شہر میونخ کے ہوائی اڈے کو دوبارہ سے کھول دیا ہے۔ آج منگل کو ایک مسافر حفاظتی انتظامات مکمل کرائے بغیر ہی عمارت میں داخل ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3OYyC
تصویر: picture-alliance/chromorange/D. D. Mann

خبر رساں اداروں کے مطابق مکمل چیکنگ کے بغیر مسافر کے عمارت میں داخل ہونے کے بعد میونخ کے ہوائی اڈے کے ٹرمینل ٹو پر تمام مسافروں سے ایک مرتبہ پھر  سکینرز سے گزرنے کی درخواست کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس صورتحال میں ٹرمینل ایک کے بھی کچھ حصے کو بند کر دیا گیا تھا۔

München - Passagiere stehen in der Schlange am Sicherheitscheck am Flughafen München
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/S. Goerlich

پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شبہ ہے کہ متعلقہ مسافر ہنگامی صورتحال میں استعمال کیے جانے والے دروازے کے ذریعے ہوائی اڈے کے حفاظتی علاقے میں داخل ہوا۔ حکام نےیہ نہیں بتایا کہ اس دوران کتنی  پروازیں منسوخ ہوئیں یا انہیں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے مسافروں سے اپنی اپنی فضائی کمپنی سے رابطہ کرنے کو کہا۔

میونخ ایئرپورٹ جرمنی کا دوسرا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ اس ہوائی اڈے پر اسی طرح کا ایک واقعہ 2018ء کے موسم گرما کی چھٹیوں میں بھی پیش آیا تھا۔ اس موقع پر تین سو تیس پروازیں منسوخ کرنا پڑیں تھیں۔

ع ا/ا ا