1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ندال ’سونی ایرکسن اوپن‘ کے چوتھے راوٴنڈ میں

29 مارچ 2010

ورلڈ ٹینس سٹار رافیل ندال ’سونی ایرکسن اوپن‘ کے چوتھے راوٴنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ سپین سے تعلق رکھنے والے ندال نے تیسرے راوٴنڈ کے میچ میں اپنے حریف ڈیوڈ نیلبیندیان کو تین مشکل سیٹس کے بعد ہرایا۔

https://p.dw.com/p/Mgiu
رافیل ندالتصویر: AP

کمر کی تکلیف میں مبتلا رافیل ندال نے ارجنٹائن کے ڈیوڈ نیلبیندیان کو تین سیدھے سیٹس میں چھ سات، چھ دو اور چھ دو سے شکست دے دی۔ اتوار کے روز کھیلا گیا یہ میچ ندال کے لئے کسی بھی لحاظ سے آسان ثابت نہیں ہوا۔ پہلے سیٹ میں ڈیوڈ نیلبیندیان کی شدید مزاحمت کے بعد ہی بالآخر ندال فارم میں واپس لوٹے۔

ندال نے اپنی کامیابی کے بعد کہا:’’اس سیزن میں جس طرح سے میں کھیل رہا ہوں، مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ اب آنے والے تمام ہی میچ میرے لئے بہت اہم ہیں اور ہر جیت کے ساتھ مجھے ایک نیا حوصلہ اور ہمت ملے گی۔‘‘

Rafael Nadal gewinnt zum dritten Mal French Open
2007ء میں فرینچ اوپن گرینڈ سلیم جیتنے کے بعد رافیل ندال خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

سونی ایرکسن اوپن کے چوتھے مرحلے میں اب عالمی نمبر چار رافیل ندال کا مقابلہ ڈیوڈ فیرر سے ہوگا، جو کروشیا کے ایوو کارلو وچ کو ہرا کر چوتھے راوٴنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

Flash-Galerie Roger Federer gewinnt Australian Open
آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد عالمی نمبر ایک سوئس سٹار راجر فیڈرر اپنے جذبات کا برملا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

تئیس سالہ ندال رَفا کے نام سے بھی مشہور ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی کی پہلی پوزیشن پر بھی پہنچ چکے ہیں۔ ندال نےسن 2009ء میں آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ جیتا جبکہ اس سے پہلے وہ مسلسل چار مرتبہ فرنچ اوپن گرینڈ سلیم بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ ندال نے یہ ٹائٹلز 2005ء، 2006ء، 2007ء اور 2008ء میں جیتے۔ اس کے علاوہ وہ دو مرتبہ یو ایس اوپن جبکہ ایک مرتبہ ومبلڈن گرینڈ سلیم بھی جیت چکے ہیں۔

ورلڈ ٹینس رینکنگ میں اس وقت سوئس سٹار راجر فیڈرر پہلے نمبر پر ہیں۔ اٹھائیس سالہ فیڈرر نے اب تک اپنے ٹینس کیریئر کے دوران ریکارڈ سولہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں، جن میں ومبلڈن، آسٹریلین اوپن، یوایس اوپن اور فرنچ اوپن شامل ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں