1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ، پاکستان کی ڈرامائی فتح

9 جنوری 2011

پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی بولرز نے میزبان نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں 110 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پاکستانی بلے بازوں کو یہ میچ جیتنے کے لیے محض 19 رنز درکار تھے، جو بغیر کسی وکٹ کےنقصان کے بنالیے گئے۔

https://p.dw.com/p/zvLI
تصویر: AP

سیڈن پارک ہیملٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے اس پہلے ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 235 رنز بنا رکھے تھے۔ مصباح الحق نے 50 جبکہ اسد شفیق نے کل کے اسکور74 کے ساتھ کھیل شروع کیا۔ تاہم توقع کے برخلا ف پوری پاکستانی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مصباح الحق 62 جبکہ اسد شفیق 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عدنان اکمل کے 44 رنز تیسرے دن پاکستانی بیٹنگ کے اہم اسکور رہے۔

نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں 275 رنز کے اسکور کے جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں 367 رنز بنائے اور یوں میزبان ٹیم کے خلاف 92 رنز کی سبقت حاصل کرلی۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler und Kaptitän
پاکستانی ٹیم کے سینیئر کھلاڑی اور سابق کپتان یونس خان نے اس ٹیسٹ میں صرف 23 رنز بنائے۔تصویر: AP

نیوزی لینڈ کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز اچھا رہا اور چائے کے وقفے تک دونوں اوپنرز نے 33 رنز بنالیے تھے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 36 اسکور پر گری جب اوپنر میک انٹوش تین کے انفرادی اسکور پر عبدالرحمان کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ جمنے دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ ایک وقت تو ایسا لگ رہا تھا، جیسے نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 92 رنز بھی اسکور نہیں کرپائے گی۔ تاہم ٹیل اینڈرز ساؤتھی، آرنیل اور مارٹن نے مجموعی اسکور 110 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔

پاکستان کی طرف سے عمر گل نے 28، عبدالرحمان نے 24 جبکہ وہاب ریاض نے 38 رنز کے عوض تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی بلے بازوں کو فتح کے لیے دوسری اننگز میں محض 19 رنز کا ہدف ملا جسے اوپنرز توفیق عمر اور محمد حفیظ نے باآسانی حاصل کرلیا اور یوں نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی عبدالرحمان کو قرار دیا گیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ ہفتہ 15 جنوری سے ولنگٹن میں شروع ہوگا۔ اس دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان چھ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں