ورلڈ کپ کرکٹ کا افتتاحی میچ، بھارت کی فتح
19 فروری 2011گروپ بی کے سلسلے میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی طرف سے اوپنر وریندر سہواگ نے دھواں دھار بیٹنگ کی اور ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے 140 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چودہ چوکوں کی مدد سے 175 رنز بنائے۔
اگرچہ لٹل ماسٹر سچن تندولکر انتیس اور گوتم گھمبیر انتالیس رنز بنا کر جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن بعد ازاں سہواگ اور ویرات کوہلی نے اپنی عمدہ بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش کی تمام ٹیم کو پریشان کر دیا۔ کوہلی نے بھی سنچری بنائی اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے تراسی گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے سو رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے قریب چوبیس اوورز میں دو سو تین رنز کی پارٹنر شپ کی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے کپتان شکیب الحسن، شفیع السلام اور محمد اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر جب 371 جیسے ایک بڑے سکور کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر تیمیم اقبال نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ستر رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے دوسرے نمایاں بلے باز شکیب الحسن رہے، جنہوں نے 55 رنز بنائے۔ لیکن بعد ازاں کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولنگ کا اچھی طرح سامنا نہ کر سکا اور تمام ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 283 رنز ہی بنا سکی۔
بھارتی بولرز میں سے مناف پیٹل نے چار، ظہیر خان نے دو جبکہ ہربھجن سنگھ اور یوسف خان پٹھان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی بلے باز وریندر سہواگ کو کھیل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی عالمی کپ مقابلوں کے گروپ بی میں بھارت کی ٹیم نے دو پوائنٹس حاصل کر لیےہیں۔
اتوار کو گروپ اے میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں سری لنکا کی ٹیم کینیڈا کے مد مقابل ہو گی جبکہ نیوزی لینڈ کا مقابلہ کینیا سے ہو گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر