1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویڈیو گیمز‍، بچوں میں زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے میں معاون، نئی تحقیق

15 دسمبر 2010

امریکی بچوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے کی بڑی وجہ ویڈیو گیمز کو قرار دیا جاتا ہے، تاہم ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ویڈیو گیمز کے ذریعے بچوں کو صحت افزا خوراک کھانے کے لیے بھی راغب کیا جاسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/QcId
تصویر: AP

یہ تحقیق امریکہ میں کی گئی، جہاں چھ سے 19 برس کے ہر پانچ بچوں میں سے ایک موٹاپے کا شکار ہے۔ اس تحقیق میں مشاہدہ کیا گیا کہ 'بلیک آپس' جیسی تُندوتیز وڈیوگیمز کے برعکس چند مخصوص سنجیدہ وڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں میں پھل اور سبزیاں کھانے کی مقدار میں اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ روزانہ اتنا تھا، جو ایک وقت میں پیٹ بھرنے کے لیے تقریباﹰ کافی ہوتا ہے۔

امریکی طبی جریدے 'جنرل آف پریوینٹیو میڈیسن' میں چھپنے والی اس تحقیق کے مطابق بچوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے کے خلاف جنگ میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے، کیونکہ پھل اور سبزیاں کھانے سے موٹاپے کے خطرات میں یقینی طور پر کمی واقع ہوتی ہے۔

اس تحقیق کی سربراہی کرنے والے بیلر کالج آف میڈیسن کے پروفیسر ٹام برانووسکی کے بقول 'اسکیپ فرام ڈیاب' اور 'نینوزوارم' نامی وڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں میں خوراک سے متعلق ان کے طرز عمل میں بہتری دیکھی گئی۔ یہ وڈیو گیمز کھانے پینے اور جسمانی سرگرمی سے متعلق رویوں میں بہتری کے لیے خصوصی طور پر بنائی گئی ہیں۔

Dicke Kinder bei McDonald's Schnellrestaurant Übergewicht
امریکہ میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران بچوں میں موٹاپا تین گنا زیادہ ہوچکا ہےتصویر: AP

اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ دونوں وڈیوگیمزکئی مرتبہ کھیلنے والے بچوں میں بطور خوراک پھلوں اور سبزیوں کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ تاہم اس اچھی خبر کے ساتھ ساتھ بری خبر یہ رہی کہ ایسے بچوں میں جسمانی ورزش کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ مزید یہ کہ پھلوں اور سبزیوں کے زیادہ استعمال کے باوجود بھی ان کی مقدار اس حد تک نہیں تھی جو کہ ڈاکٹر روزانہ خوراک کے لیے تجویز کرتے ہیں۔

طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ بچوں کو دن بھر میں پانچ مرتبہ پھل اور سبزیاں کھانی چاہییں، جبکہ انہیں کم از ایک گھنٹے تک معتدل سے سخت جسمانی ورزش کرنی چاہیے۔

امریکہ میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران بچوں میں موٹاپا تین گنا زیادہ ہوچکا ہے۔ ماہرین اس کا ذمہ دار ایک جانب تو فاسٹ فوڈز یا کیمیائی عمل سے گزاری گئی خوراک کو قرار دیتے ہیں تو دوسری جانب ایک اور اہم وجہ بچوں کا جسمانی ورزش یا کھیل کود کی بجائے اپنا وقت ٹیلی وژن کے سامنے بیٹھ کر یا کمپیوٹر گیمز کھیلنے میں صَرف کرنا ہے۔

مختلف جائزوں سے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ ایسے بچوں میں جو بچپن میں موٹاپے کا شکار ہوں اس بات کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کہ وہ بڑے ہوکر بھی اس عارضے میں مبتلا رہیں گے۔ ایسے افراد میں فربہی سے متعلق متعدد بیماریوں کے خطرات بھی کئی گنا زیادہ ہوتے ہیں، جیسےذیابیطس، دل اور جگر میں خرابی سے متعلق بیماریاں۔

اسکیپ فرام ڈیاب اور نینوزوارم نامی آن لائن گیمز کھیلنے کے لیے ویب سائٹ لنکس ذیل میں دیے گئے ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں