1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائیگر پٹوڈی انتقال کر گئے

23 ستمبر 2011

بھارت کے مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹوڈی 70 برس کی عمر میں رحلت پا گئے ہیں۔ ان کا انتقال پھیھڑوں میں انفیکشن کے باعث ہوا۔ اس باعث ان کے نظام تنفس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/12evx
منصور علی خان پٹوڈیتصویر: AP

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال میں کرکٹ کی دنیا کے مشہور نام نواب منصور علی خان پٹوڈی پھیپھڑے کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ اس عارضے کی وجہ سے انہیں دل کی بیماری کا بھی سامنا تھا۔

مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹوڈی نے پندرہ سال تک بھارت کے لیے کرکٹ کھیلی۔ اس عرصہ میں انہیں چھیالیس ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ تقریباً پینتیس کی اوسط کے ساتھ انہوں نے دو ہزار 793 رنز بنانے۔ اس اسکور میں ان کی چھ ٹیسٹ سینچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ مڈل آرڈر بیٹسمین تھے اور تیز بالر کو انتہائی وقار کے ساتھ کھیلتے تھے۔

Mansoor Ali Khan Pataudi
منصورعلی خان پٹوڈی اپنے اداکار بیٹے سیف علی خان کے ساتھتصویر: AP

ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت سے چھ ماہ قبل ان کی دائیں آنکھ کار کے ایک حادثے میں ضائع ہو گئی تھی۔ یہ حادثہ جولائی سن 1961 میں ہوا تھا۔ وہ ایک آنکھ سے کرکٹ کھیلتے تھے۔ ان کے شاندار انداز کی وجہ سے کرکٹ میں انہیں ٹائیگر پٹوڈی کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔ سن 1962 میں ان کو اکیس سال کی عمر میں بھارتی ٹیم کا کپتان بننے کا اعزاز اس وقت حاصل ہوا، جب کرکٹ ٹیم کے باقاعدہ کپتان ناری کنٹریکٹر ویسٹ انڈیز میں گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ انہوں نے آٹھ سال تک بھارتی ٹیم کے کپتان کے فرائض سر انجام دیے۔ ان کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلی بار بیرون ملک ٹیسٹ کرکٹ سیریز جیتی تھی۔ تب بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو نیوزی لینڈ ہی میں سن 1967-68 کی سیریز میں ہرایا تھا۔

Mansoor Ali Khan Pataudi
منصورعلی خان پٹوڈی اور سیف علی خانتصویر: AP

بھارتی کرکٹ مبصرین کا خیال ہے کہ منصور علی خان پٹوڈی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے ماڈرن کرکٹ کی جانب اہم پیش رفت کی تھی۔ اپنی کپتانی کے دور میں پٹوڈی فیلڈنگ پر خاص توجہ دیتے تھے۔ وہ خود بھی انتہائی شاندار فیلڈر تھے۔ ان کے والد نواب افتخار علی خان بھی انگلش دور میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے تھے۔ البتہ سیاست میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ دو بار الیکشن میں حصہ لیا اور دونوں بار انہیں شکست کا سامنا رہا۔

کرکٹ کھلینے کے عروج کے دنوں میں ان کا بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور بنگالی نژاد اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے رومانس بھی بہت مشہور ہوا۔ بعد میں شرمیلا ٹیگور نے مسلمان ہو کر ان سے شادی بھی کر لی۔ وہ مقبول بھارتی اداکار سیف علی خان اور زوہا علی خان کے والد بھی تھے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں