1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی وی شوز کے ذریعے پاکستان کے لئے 24 ملین یورو

27 اگست 2010

یورپی ملکوں میں پاکستان میں سیلابی متاثرین کی مدد کے جذبے میں بڑی شدت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ جمعرات اور جمہ کی درمیانی شب جرمنی اور ہالینڈ میں خصوصی ٹیلی وژن پروگراموں میں عوام نے مجموعی طور پر قریب 24 ملین یورو عطیہ کئے۔

https://p.dw.com/p/OxnU
سکھر میں امدادی سامان لانے والے ایک ٹرک کے پیچھے بھاگتے سیلاب زدگانتصویر: AP

جرمنی میں کئی بڑی غیر حکومتی امدادی تنظیموں نے مل کر ایک ایسا پروگرام شروع کر رکھا ہے، جسے Action: Germany Helps کا نام دیا گیا ہے۔ اس ایکشن پروگرام کے تحت جرمن پبلک ٹیلی وژن کے دوسرے چینل ZDF پر جمعرات کی رات کئی گھنٹے تک بہت سی اہم اور مشہور شخصیات کی موجودگی میں ایک ایسے چیریٹی شو کا اہتمام کیا گیا، جس میں عام شہریوں کو دل کھول کر پاکستان میں سیلاب کے بیس ملین سے زائد متاثرین کے لئے چندہ دینے کی ترغیب دی گئی۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010 NO FLASH
سندھ میں سیلاب زدگان کے لئے قائم ایک کیمپ کا اپنی آنکھوں میں بہت سے سوالات لئے ایک بچہتصویر: AP

اس شو میں بہت سے سرکردہ سیاستدانوں کے علاوہ وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی ذاتی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلابوں سے متاثر ہونے والے انسانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ مالی عطیات دیں۔

اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ Help for Pakistan کے نام سے اس لائیو پروگرام کے اختتام تک جرمن عوام اور ادارے پاکستان میں سیلابی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے لئے آٹھ ملین یورو عطیہ کر چکے تھے۔ یہ رقوم فوری طور پر Action: Germany Helps نامی اتحاد میں شامل جرمن امدادی تنظیموں کے ذریعے پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے استعمال میں لائی جائیں گی۔

جرمنی کے علاوہ جمعرات کی رات ہی ہالینڈ میں بھی ایک پبلک ٹیلی وژن چینل پر پاکستان کے لئے مالی عطیات جمع کرنے کی خاطر ایک لائیو میراتھون چیریٹی شو کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈچ عوام نے 16.1 ملین یورو عطیہ کئے۔ اس ایک روزہ مہم کا اہتمام ہالینڈ میں ریڈیو اور ٹیلی وژن اداروں کی ملکی تنظیم نے کیا تھا، جسے ڈچ امدادی تنظیموں کی فیڈریشن SHO کا تعاون بھی حاصل رہا۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010
کالام کے سیلاب زدگان جنہیں امریکی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وادیء سوات سے نکالا گیاتصویر: AP

اس شو کے ا‌‌ختتام پر منتظمین نے بڑے فخر سے اعلان کیا کہ ڈچ عوام کے بارے میں بالعموم یہ کہا جاتا ہے کہ وہ چند معاملات میں دریا دلی کے بجائے بچتی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہیں، تاہم پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے امداد دیتے ہوئے ڈچ عوام نے اتنی فراخدلی کا مظاہرہ کیا کہ ایک بار پھر تصدیق ہو گئی کہ ہالینڈ کے باشندے کسی بھی قدرتی آفت سے متاثرہ انسانوں کی مدد کے لئے دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔

ڈچ امدادی تنظیموں کی فیڈریشن SHO کے مطابق اس ایک روزہ چیریٹی پروگرام میں ڈچ عوام نے 16 ملین یورو سے زائد کے عطیات دیے اور یورپی یونین کے رکن اس ملک کی مجموعی آبادی بھی 16.5 ملین کے قریب ہے۔ اس کا مطلب یہ کہ شماریاتی حوالے سے ہالینڈ میں ہر شہری نے پاکستان کے لئے کم ازکم ایک یورو کا عطیہ دیا۔

اس شو کے اختتام پر منتظمین نے اعلان کیا کہ یہ رقوم سیلاب زدگان کی مدد کے لئے بلاتاخیر استعمال میں لائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اس امداد کے درست اور شفاف استعمال کا ثبوت اگلے سال کے شروع میں جاری کی جانے والی وہ رپورٹ بھی ہو گی، جس میں یہ بتایا جائے گا کہ یہ امداد کہاں ، کب اور کن ذرائع سے استعمال میں لائی گئی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں