1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی: پہلے روز نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی فتح

1 مئی 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں عالمی وقت کے مطابق جمعہ کی رات نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شسکت دے دی۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہوا۔

https://p.dw.com/p/NBuQ
تصویر: AP

نیوزی لینڈ نے یہ میچ اس وقت جیتا جب بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر نیتھن میکلم نے لاسیت ملنگا کی گیند پر لانگ آف باؤنڈری کے پار چھکا ٹکا دیا۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لئے دس رنز درکار تھے جو اس ٹیم نے پانچ گیندوں پر ہی حاصل کر لئے۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کی اننگز میں سلامی بلے باز مہیلا جے وردھنے 51 گیندوں پر اپنے 81 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
مرلی نے پہلے میچ میں دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، ویسٹ انڈیز کی پچیں سپن گیند بازوں کے لئے معاون سمجھی جارہی ہیںتصویر: AP

نیوزی لینڈ کی جانب سے شین بونڈ نمایاں گیند باز رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد جب نیوزی لینڈ کی ٹیم بیٹنگ کے لئے میدان میں اتری تو اس کے افتتاحی بلے باز برینڈن میکلم بغیر کوئی رن بنائے اینجلو میتھیوز کا شکار بنے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز میں جَیسی رائڈر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم ان کی جیت میں زیادہ اہم کردار لوئر مڈل آرڈر کے بلے بازوں کا رہا جنہوں نے آخری لمحات میں بہت قیمتی رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے مرلی دھرن نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، جس کے جواب میں آئر لینڈ کی پوری ٹیم 16.4 اوورز میں صرف 68 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

Westindische Inseln Sport Cricket Chris Gayle
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل پہلا میچ نہیں کھیلےتصویر: AP

T20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کو اس کے اختتامی لمحات کی سنسی خیزی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا بہترین آغاز قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس ورلڈ کپ کے باقی تمام میچ بھی اتنے ہی دلچسپ ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز کی پچوں کو سپنرز کے لئے سازگار قرار دیا جا رہا ہے۔ دفاعی چیمپیئن پاکستان اپنا پہلا میچ ہفتہ یکم مئی کو عالمی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت بھی اسی دن عالمی وقت کے مطابق بعد دوپہر ڈیڑھ بجے افغانستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لئے اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ میدان میں اترے گا۔

بھارتی ٹیم کا افغانستان کے خلاف میچ اس ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر تیسرا جبکہ پاکستان کا بنگلہ دیش کے ساتھ مقابلہ اس ورلڈ کپ کا مجموعی طور پر چوتھا میچ ہو گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں