ٹیسٹ کرکٹ میں آمد کے بعد آئرلینڈ کا پہلا میچ پاکستان کے خلاف
10 مئی 2018پاکستان اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ، جو آئرش قوم کے لیے انتہائی یادگار ہے، وہ جمہوریہ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن کے نواحی ساحلی علاقے مَلہائیڈ (Malahide) میں کھیلا جا رہا ہے۔
سن 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا اہل قرار دیا تھا۔ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا اولین میچ پاکستان کے خلاف جبکہ افغانستان کی ٹیم بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم اور افغانستان کے درمیان میچ رواں برس چودہ جون کو بینگلُورُو (بنگلور) میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک بن گئے
پانچ نئے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کیپ
افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ اسٹیٹس دینے پر اتفاق
ورلڈ کپ کا ایک بڑا اَپ سیٹ: آئر لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا
کئی آئرش کھلاڑی انگلش ٹیم کا حصہ رہنے کے علاوہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں۔ آئرش کرکٹ بورڈ کو اس ٹیسٹ میچ کے حوالے سے تشویش کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے چھ بہترین کھلاڑی تیس برس کی عمر کو عبور کر چکے ہیں۔
انگلستان کی موجودہ ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن بھی آئرش ہیں۔ انگلش کاؤنٹی میں کھیلنے والے دو مشہور کھلاڑیوں نے آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد اپنے ملک کی طرف سے کھیلنے کا انتخاب کیا ہے۔ ان میں ایڈ جوائسر اور بوائیڈ رینکن شامل ہیں۔ ان دونوں کو آئرش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
گیارہ مئی کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مَلہائیڈ گراؤنڈ پر سبز گھاس کی حامل پچ کا سامنا ہو سکتا ہے اور ایسا امکان ہے کہ یہ تیز بالروں کے لیے سازگار ہو۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے اس اولین ٹیسٹ میچ کے نشریاتی حقوق اسکائی اسپورٹس نے خرید رکھے ہیں۔
کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈوئٹورم کو پہلے ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر تشویش بھی ہے کیونکہ اس انداز کا میچ پہلی مرتبہ اُن کے ملک میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ مَلہائیڈ گراؤنڈ میں ایک بڑی تعداد میں آئرش عوام شریک ہوں گی۔
مَلہائیڈ کو آئرش دارالحکومت کی اشرافیہ کا ایک علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ ڈبلن سے سولہ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ، اسی نام کے گراؤنڈ پر کھیلی جائے گی۔ یہ آئرلینڈ کا کرکٹ میچوں کا سب سے بڑا میدان ہے۔ اس میں ساڑھے گیارہ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس کو کرکٹ کے لیے سن 2013 میں تیار کیا گیا۔ اس پر کئی بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں۔
ع ٖ ⁄ الف الف ⁄ روئٹرز