پانچ نئے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کیپ
15 اپریل 2018پاکستان کرکٹ ٹیم انگلستان اور آئرلینڈ کے دورے پر تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ آئرلینڈ کی ٹیم کو ٹیسٹ کا اسٹیٹس حاصل ہونے کے بعد وہ گیارہ سے پندرہ مئی تک ڈبلن میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ انگلستان میں پاکستانی ٹیم لارڈز اور ہیڈنگلے کے میدانوں پر انگلش ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
پاک بھارت تنازعے کا اثر ایشیا کپ پر
کیا کمزور کیریبین ٹیم کے دورے سے پاکستان کا مقصد پورا ہوگیا؟
پاکستان میں بين الاقوامی کرکٹ کی واپسی
پی ایس ایل سے تین نئے کھلاڑی پاکستان ٹیم میں شامل
جن نئے کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ان میں فخر زمان، امام الحق، عثمان صلاح الدین، سعد علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ فخر زمان، امام الحق اور فہیم اشرف پاکستان کی جانب سے ایک روزہ اور ٹی ٹویئنٹی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے واضح کیا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے تناظر میں خاص طور پر کیا گیا ہے۔ کرکٹ کا ورلڈ کپ انگلستان اور ویلز میں اگلے برس یعنی سن 2019 میں تیس مئی سے چودہ جولائی تک کھیلا جائے گا۔
اس تناظر میں چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے ورلڈ کپ کی تیاریرں کے سلسلے میں بعض نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لایا گیا ہے تا کہ وہ انگلستان کے ماحول اور کرکٹ میدانوں سے واقفیت حاصل کر سکیں۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ یاسر شاہ کمر کی انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے۔ یاسر شاہ کو کم از کم دس ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انضمام الحق نے ٹیم میں یاسر کی عدم شمولیت کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
پاکستانی کرکٹ پر نگاہ رکھنے والے مبصرین کے مطابق انگلستان اور آئرلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم کی بیٹنگ بظاہر متوازن دکھائی دیتی ہے لیکن بولنگ کے شعبے میں انگلیاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔ یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں شاداب خان مرکزی اسپنر کا کردار ادا کریں گے۔ تیز بولنگ کے شعبے کی قیادت محمد عامر کے ہاتھ میں ہے اور اُن کو حسن علی، راحت علی سمیت دوسرے بولروں کی مدد حاصل رہے گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم:
سرفراز احمد (کپتان اور وکٹ کیپر)، اظہر علی، فخر زمان، سمیع اسلم، امام الحق، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، سعد علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، راحت علی اور محمد عباس۔
ع ح ⁄ ع ب ⁄ اے ایف پی