1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتایشیا

پاکستان اور افغانستان میں زلزلے سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی

22 مارچ 2023

پاکستان میں کم از کم نو افراد اور افغانستان میں چار افراد کے ہلاک ہونے کی اب تک تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ دیگر درجنوں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا۔

https://p.dw.com/p/4P2kU
Erdbeben in Afghanistan, Pakistan und Indien
تصویر: AAMIR QURESHI/AFP

منگل کی رات کو تقریباً پونے دس بجے پاکستان اور افغانستان میں 6.8 شدت کے زلزلے سے پورا خطہ لرز اٹھا، جس کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت شمالی بھارت کے متعدد شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس کے جھٹکے کافی دیر تک آتے رہے اور خوف و ہراس کے سبب لوگ گھروں و دفاتر سے افرا تفری میں بھاگنے پر مجبور ہوئے۔

قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کا اندازہ کیسے لگایا جاتا ہے؟

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سمیت راولپنڈی، اسلام آباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفرآباد، پشاور، ہری پور، مردان، چترال، چارسدہ اور متعدد دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اصلی زلزلے اور جگاڑو دنیا

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس کی وجہ سے اب تک کم از کم نو افراد پاکستان میں اور چار افغانستان میں ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ چھت اور دیوار گرنے کے متعدد واقعات میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

پاکستان میں تحفظ ماحولیات کی بھاری قیمت چکانے والے کارکنان

 اے پی نے پاکستان میں محکمہ ہنگامی خدمات سے وابستہ ایک افسر بلال فیضی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ وادی سوات اور پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں میں صدمے کی حالت میں 200 سے زائد افراد کو ہسپتالوں میں لایا گیا۔

چین، شمال مغربی اور جنوب مغربی علاقے زلزلے سے لرز اٹھے

انہوں نے کہا کہ بہت سے، ''لوگ خوفزدہ ہو کر بے ہوش ہو گئے اور ان میں سے کچھ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے بھی گر گئے۔'' تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے بیشتر کو چند گھنٹے بعد ہی ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔

فیضی اور بعض دیگر حکام نے بتایا کہ شمال مغربی پاکستان کے مختلف حصوں میں، ''چھتیں گرنے سے نو افراد ہلاک ہوئے۔ ان واقعات میں درجنوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔'' حکام کے مطابق شمال مغربی پاکستان میں مرنے والے نو افراد میں پانچ مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔

Erdbeben in Afghanistan, Pakistan und Indien
وادی سوات اور پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں میں صدمے کی حالت میں 200 سے زائد افراد کو ہسپتالوں میں لایا گیاتصویر: AFP

زلزلے کے باعث بعض پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس کی وجہ سے ٹریفک میں بھی خلل پڑا۔

صوبے خیبر پختونخواہ  میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان تیمور خان نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں مٹی کی اینٹوں سے بنے کم از کم 19 مکانات منہدم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک نقصانات کے بارے میں اعدادوشمار جمع کر رہے ہیں۔

خطہ کشمیر میں خوف و ہراس

خبر رساں ادارے روئٹرز کی اطلاعات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے  کہ لوگ روتے بلکتے ہوئے اور مقدس آیات کی تلاوت کرتے ہوئے گھروں سے باہر بھاگے۔ واضح رہے کہ سن 2005 میں یہاں  ایک مہلک زلزلے سے 80,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی اس کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے اور بہت سے لوگ خوف و ہراس کے سبب رات کے وقت شدید سردی میں گھنٹوں گھر سے باہر بیٹھے رہے۔

افغانستان میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ادھر افغانستان میں صحت عامہ کے لیے طالبان کے مقرر کردہ ترجمان شرافت زمان عمرو نے بتایا کہ ملک میں زلزلے سے اب تک کم از کم چار افراد ہلاک اور 20 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ زمان عمرو کا کہنا تھا، '' چونکہ زلزلہ ملک کے بیشتر حصوں میں اتنا زیادہ شدید تھا کہ بدقسمتی سے زیادہ جانی نقصان ہو سکتا ہے۔'' ان کا کہنا تھا کہ تمام اسپتال اور صحت کی دیگر سہولیات لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے تیار ہیں۔

کابل کے ایک رہائشی شفیع اللہ عظیمی کا کہنا تھا کہ ''زلزلہ بہت شدید اور خوفناک تھا، ہم نے سوچا کہ ہم پر مکانات گر رہے ہیں، لوگ چیخ رہے تھے اور صدمے میں تھے۔''

کابل کے ایک اور رہائشی 45 سالہ عزیز احمد نے کہا کہ ''میری زندگی میں یہ پہلا موقع تھا جب میں نے اتنے طاقتور زلزلے کا تجربہ کیا، ہر کوئی ہی خوفزدہ تھا۔'' انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے تمام پڑوسی آفٹر شاکس کے خوف سے گھنٹوں اپنے گھروں سے باہر رہے۔ ''ہم  گھروں کو واپس جانے کی ہمت نہیں کر سکے۔''

عالمی سطح پر زلزلے کی پیمائش کرنے والے ادارے کے مطابق پاکستان کے علاوہ بھارت، افغانستان، ترکمانستان، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین اور کرغزستان جیسے ملکوں میں بھی اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

پہلے سے بحران زدہ افغانستان میں تباہ کن زلزلے کی ہلاکت خیزی