پاکستان اور بھارت سیمی فائنل میں
24 مارچ 2011بھارتی شہر احمد آباد میں جاری اس دوسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 260 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا۔ بھارتی ٹیم نے یہ ہدف 48ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے تیندولکر، گوتم گھمبیر اور یوراج سنگھ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آسٹریلوی اننگز کے دوران اس کی پہلی وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پرگری جب اوپنر شین واٹسن 25 رنز بناکر اشوین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز کا اضافہ ہوا جب واٹسن کے بعد کپتان رکی پونٹنگ بیٹنگ کے لیے آئے۔ یہ شراکت اس وقت ٹوٹی جب 110 رنز کے مجموعی اسکور پر بریڈ ہیڈن یوراج سنگھ کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بریڈ ہیڈن نے 53 رنز بنائے۔ تاہم رکی پونٹنگ نے کپتان کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 104 رنز بنائے۔ وہ اشوین کی گیند پر ظہیرخان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
ڈیوڈ ہسی نے 26 گیندوں پر 38 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ کیمرون وائٹ نے 12 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن اشوین، ظہیر خان اور یوراج سنگھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ احمد آباد میں کھیلے گئے گزشتہ چار میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب نہیں ہوسکی تھی تاہم اس مرتبہ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور انہوں نے یہ وعدہ پورا کردکھایا۔
بھارت اب 30 مارچ کو موہالی میں پاکستان کے مدمقابل ہوگا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک