پاکستان میں’بالکل محفوظ‘ محسوس کر رہے ہیں، آسٹریلوی کھلاڑی
27 فروری 2022آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اتوار کے روز کہا کہ وہ پاکستان میں 'مکمل طور پر محفوظ‘ محسوس کر رہے ہیں اور جارحانہ کرکٹ کا مظاہرہ کرنے کو بے تاب ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم اپنے چھ ہفتوں پر محیط دورہ پاکستان کے دوران تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ چار مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہو رہا ہے۔
کرکٹ آسٹريليا نے پاکستان کے دورے کی تصديق کر دی
آئی پی ایل میں اب ریلائنس اور ایمیزون کا مقابلہ متوقع
سن 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا خاتمہ ہو گیا تھا۔ غیر ملکی ٹیموں کی جانب سے پاکستان میں کھیلنے پر انکار کے تناظر میں پاکستان نے زیادہ تر کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی۔ تاہم حالیہ کچھ برسوں میں ایک مرتبہ پھر غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کا رخ کرنا شروع کیا ہے۔ پچھلے چند برسوں میں زمبابوے، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ کرنے والے آسٹریلوی کھلاڑی کمنز نے ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں کہا، ''میں اپنے آپ کو مکمل طور پر محفوظ محسوس کر رہا ہوں۔‘‘
ان کا کہنا تھا، ''پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) ہمارا بہت اچھے انداز سے خیال رکھ رہا ہے۔ ہم یہاں پہنچے تو یہاں بہت زیادہ سکیورٹی تھی۔ ہمیں طیارے سے سیدھا ہوٹل پہنچا دیا گیا۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ''ہمارے لیے یہاں بہت اچھے انتظامات ہیں۔ ہم زیادہ تر ہوٹل تک محدود رہیں گے، سوائے کھیل اور تربیتی سرگرمیوں کے۔‘‘
انہوں نے آسٹریلوی ٹیم میں کسی بھی قسم کے خوف یا خدشات کی موجودگی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی کھیل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ کمنز نے کہا، ''ہم پرسکون ہیں اور اپنے آس پاس بہت سے پیشہ ور افراد کی موجودگی میں خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ''پاکستان کرکٹ کے اعتبار سے ایک زبردست ملک ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم یہاں واپس آئے۔ ایک پوری نسل اس ملک میں کرکٹ کھیلنے سے محروم رہی۔‘‘
کپتان کے بہ طور اپنی پہلی سیریز میں کمنز نے آسٹریلیا کو ایشیز سیریز میں انگلینڈ کے خلاف چار ایک سے شکست دی۔ ''ہم نے ایشیز سیریز میں زبردست کارکردگی دکھائی، جس پر مجھے بہت فخر ہے۔ اب لیکن یہ غیر ملکی دورہ ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے، مگر ہم پراعتماد ہیں۔‘‘
ع ت / م م (روئٹرز، اے ایف پی)