1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان: افغان پناہ گزینوں کی میزبانی میں کشادہ دلی دکھائی‘

17 فروری 2020

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی میں قابل بھروسہ ہونے اور کشادہ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3XsLq
UN-Generalsekretär Antonio Guterres
تصویر: picture-alliance/EuropaNewswire/L. Rampelotto

انٹونیو گوٹیریش اتوار کی صبح اپنے چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ اتوار کو گوٹیریش نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی صورتحال پر ایک بیان میں کہا،''جنوبی ایشیائی ملک پاکستان نے بین الاقوامی برادری کی طرف سے ملنے والی بہت محدود امداد کے ساتھ جس طرح لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے، یہ اس کی سخاوت اور قابل بھروسہ ہونے کی مثال ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں  ہمسایہ ملک افغانستان سے  تنازعات کے سبب نقل مکانی کرنے والے پناہ گزینوں کی دہائیوں کی صورتحال کا احاطہ کیا جائے گا۔
گوٹیریش نے اپنے بیان میں مزید کہا،''پاکستان آج دنیا میں بھر میں پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔‘‘

انٹونیو گوٹیریش نے مختلف سیاسی اور اقتصادی مسائل میں گھرے جنوبی ایشیائی ملک پاکستان کی افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے اختیار کی گئی پالیسیوں کا ایک مثبت میزانیہ بھی پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا،''پاکستان کو درپیش چیلنجز اور بین الاقوامی برادری کی محدود سپورٹ کے باوجود اسلام آباد نے افغان مہاجرین کو پناہ دی ہے اور انہیں تحفظ فراہم کیا۔‘‘

Afghanistan Peschawar Reaktion auf Russland-Gespräche
پاکستان میں افغان پناہ گزینوں نے مختلف شعبوں میں اپنا بزنس قائم کر رکھا ہے۔تصویر: DW/Faridullah Khan

گوٹیریش نے دیگر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی حمایت کریں اور اس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جنوبی ایشیاء اور دنیا کے دوسرے ممالک بھی مہاجرین کے بہاؤ سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے اسی طرح کی قیادت کا مظاہرہ کریں۔

اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے سکریٹری جنرل نے کشمیر کی صورتحال پر بھی''گہری تشویش‘‘ کا اظہار کیا۔

ہمالیہ کی یہ منقسم ریاست جموں کشمیر بھارت اور پاکستان کی آزادی سے لے کر اب تک ان دونوں ممالک کے مابین تنازعے کی وجہ بنی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک پوری طرح سے اس کے دعویدار ہیں، اور ان دونوں جوہری طاقتوں کے مابین ہونے والی تین جنگوں میں سے دو کا سبب کشمیر ہی رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے کشمیر سے متعلق اپنے بیان میں دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی  انتہائی کشیدگی کو عسکری اور بیان بازی کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے پر زور دیا۔

Kaschmir | Polizei | Sicherheitskräfte
انٹونیو گوٹیریش نے کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھرکشمیر سے متعلق نئی دہلی کے اقدامات خاص طور سے کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت کو ختم کرنے کی پالیسی سے متعلق حکومت اسلام آباد کے خدشات کو اجاگر کیا۔ قریشی جنوبی ایشیائی خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششوں کو ہی موثر قرار دیتے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش کا بھی یہی کہنا تھا، ''سفارت کاری  اور بات چیت کی پالیسی ہی امن اور استحکام کی ضمانت کا واحد طریقہ ہے۔‘‘

ک م/ ع ا/ اے پی ای،رائٹرز

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں