پاکستان کا مزید ساتھ دینا ہوگا: برطانوی وزیرِ اعظم
26 مئی 2011امریکی صدر باراک اوباما یورپ کا دورہ کر رہے ہیں۔ برطانیہ میں وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون اور صدر اوباما نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ خطاب میں افغانستان اور پاکستان سے متعلق گفتگو بھی کی گئی۔ اس موقع پر برطانوی وزیرِ اعظم کیمرون کا کہنا تھا کہ یہ وقت پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کا ہے۔ ’اتحادی ممالک پاکستان سے پیٹھ نہیں موڑ سکتے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
کیمرون کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون کے مطابق، ’جو پاکستان کا دشمن ہے وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔‘
طالبان کے بارے میں برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ طالبان کو القاعدہ سے علیحدہ ہو کر افغانستان کے امن کے لیے سیاسی دھارے میں شام ہونا ہوگا۔ امریکی صدر اوباما اور کیمرون نے آنے والے مہینوں میں اپنی تمام تر توجہ افغانستان پر مرکوز رکھنے پر رضامندی ظاہر کی۔
القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں ہلاکت کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر شکوک و شبہات کے حوالے سے ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ پاکستان کے ساتھ اب دوگنے تعاون کی ضرورت ہے۔
برطانوی وزیرِ اعظم اور امریکی صدر نے اس پریس کانفرنس میں دیگر امور سمیت عرب ممالک میں جاری عوامی بغاوتوں اور لیبیا میں جاری خانہ جنگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق