پاکستان کی فتح پر خوش 15 بھارتی مسلمانوں پر بغاوت کا مقدمہ
20 جون 2017بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے منگل بیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے آج بتایا کہ اتوار اٹھارہ جون کو انگلینڈ میں کرکٹ کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر خوشیاں منانے والے بھارت کے پندرہ ایسے مسلمان شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جنہیں اب اپنے خلاف ’ملک سے بغاوت‘ کے قانونی الزامات کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز جب پاکستانی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو ہرایا، تو ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع برہان پور کے ان مسلمان شہریوں نے نہ صرف نعرے لگائے بلکہ خوشیاں مناتے ہوئے پٹاخے بھی چلائے۔ پولیس نے منگل کے روز بتایا کہ ان 15 ’ملزمان‘ کو ان کے خلاف باقاعدہ شکایت ملنے پر پیر انیس جون کے روز گرفتار کیا گیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال
پاکستانی نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی
پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ کے پانچ تلخ ترین واقعات
برہان پور میں پولیس کے سربراہ راجہ رام پریہار نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ان افراد کے خلاف شکایت ایک مقامی ہندو باشندے نے کی تھی، جس نے کہا تھا کہ ان مسلمانوں نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کی شکست پر خوشیاں منائی تھیں۔‘‘
پولیس کے سربراہ پریہار نے مزید کہا، ’’یہ علاقہ کافی حساس ہے اور ملزمان کئی گھنٹے تک خوشیاں مناتے رہے تھے۔ قانونی طور پر ان کے خلاف مجرمانہ سازش کا الزام بھی ہے۔‘‘
اے ایف پی نے لکھا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ضلع برہان پور میں بھارت میں قومی سطح پر ایک بڑی مذہبی اقلیت کی حیثیت کے حامل مسلمانوں کی آبادی کافی زیادہ ہے اور ماضی میں اسی ضلع میں دونوں مذہبی برادریوں کے افراد کے مابین کئی مرتبہ مسلح تصادم اور فسادات بھی ہو چکے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ کا قومی سطح پر ہونے والا کوئی بھی میچ دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر بہت زیادہ جذباتیت کا باعث بنتا ہے اور اتوار اٹھارہ جون کے روز انگلینڈ میں کھیلے گئے فائنل کے موقع پر بھی یہی ماحول دیکھنے میں آیا تھا۔
سرفراز کی انگلش کا مذاق کیوں اڑایا؟ بھارتی سوشل میڈیا صارفین
اس کے علاوہ دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کی کرکٹ ٹیموں کے حامی شہریوں کی گرفتاری کے بھی اب تک ایک سے زیادہ واقعات دیکھنے میں آ چکے ہیں۔
گزشتہ برس ایک پاکستانی شہری کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا تھا جب اس نے اپنے پسندیدہ بھارتی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کی طرف سے بھارت کی فتح کا سبب بننے والی سینچری بنائے جانے پر اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرا دیا تھا۔
اس سے قبل 2014ء میں بھی جب پاکستان نے بھارت کو ایک میچ میں ہرایا تھا، تو پاکستان کی فتح کی خوشیان منانے کے الزام میں تب بھی قریب 60 بھارتی طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور ان پر ملک سے بغاوت کا الزام عائد کر دیا گیا تھا۔