1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے جگمگاتے ستارے ایوارڈز تقریب کا حصہ

بینش جاوید1 اگست 2016

لکس اسٹائل ایوارڈز کو پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں انتہائی معتبر سمجھا جاتا ہے۔ اس تقریب میں پاکستان کی ناموراداکارہ اور ماڈل ماہرہ خان نے فلم اور ڈرامے دونوں شعبوں میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/1JZb9
Screenshot Facebook Mahira Khan
تصویر: Facebook/TheMahiraKhanOfficial

گزشتہ چند برسوں سے پاکستان کی ٹی وی اور فلم انڈسٹری مختلف موضوعات اور اعلیٰ پروڈکشن کے باعث کافی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔ پاکستان کے ڈرامے اور فلمیں ہمسایہ ملک بھارت میں بھی کافی مقبول ہو رہی ہیں۔ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے بڑے نام جیسے کہ فواد خان، ماہرہ خان، عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور علی ظفر بھارت کی فلم انڈسٹری میں بھی کام کر رہے ہیں۔

ایوارڈز کی اس تقریب کا مقصد پاکستانی فن کاروں اورشوبز کی صنعت سے منسلک افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے۔

پاکستان کے نامور اداکار اور گلوکار علی ظفر نے ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کی پندرہویں سالانہ تقریب کا آغاز ایک دھواں دار پرفارمنس سے کیا۔ اس تقریب میں فواد خان، ماہرہ خان اور احمد علی بٹ نے اپنی اداکاری اور ڈانس پرفارمنس سے خوب داد وصول کی۔

فلم کی کیٹیگری میں فلم ’بن روئے‘ میں شاندار کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ماہرہ خان اور فلم ’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ میں نمایاں کردار نبھانے پر ہمایوں سید کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

’مور‘ کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا اور اسی فلم کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ جمشید محمود رضا نے حاصل کیا۔

تقریب میں پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی ستاروں نے شرکت کی تھی۔ اس تقریب میں بہترین لباس زیب تن کرنے پر حمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان کو ایوارڈز دیے گئے۔

پاکستان کی ابھرتی اداکارہ اور ماڈل سوہا علی آبرو کی ڈانس پرفارمنس کو کافی پسند کیا گیا

تقریب کے دوران علی ظفر اور علی سیٹھی نے کراچی میں قتل کر دیے جانے والے نامور قوال امجد علی صابری کی یاد میں کلام پڑھا۔ امجد علی صابری کے بیٹے نے بھی اسٹیج پر اپنے والد کا کلام پڑھ کر اپنے مقتول والد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ٹی وی ڈراموں کی کیٹیگری میں ڈرامہ سیریل ’صدقے تمہارے‘ کو بہترین ڈرامے کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس ڈرامے نے پاکستان میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی تھی۔ اس ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر کوجاندار کہانی لکھنے پر بہترین مصنف کا ایوارڈ دیا گیا۔

اسی ڈرامے میں گاؤں کی سادہ اور معصوم لڑکی کا کردار بخوبی نبھانے پر بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ ماہرہ خان نے وصول کیا۔

دیار دل‘ کو بہترین ڈرامہ سیریل کا ایوارڈ ملا۔ ٹی وی ڈرامہ سیریل ’رنگ جا‘ میں جاندار پرفارمنس کے اعتراف میں بہترین اداکار کا ایوارڈ فیصل قریشی کو دیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید