1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک بننے کا موقع

طارق سعید، ابوظہبی
26 اکتوبر 2017

پاکستانی ٹیم دورے کے آخری مرحلے میں آج سری لنکا کے خلاف پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ ابوظہبی میں کھیل رہی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دارالحکومت کی ٹھنڈی مرطوب ہواؤں میں مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/2mWw1
Pakistan T20 trophy
تصویر: Pakistan Cricket Ball

ابوظہبی کا موسم ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کے بعد بہت بدل چکا ہے۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں تماشایوں کے لیے بنائے سرسبز ٹیلے کی گھاس اکھاڑ کر اس پر مصنوعی رنگ کر دیا گیا ہے۔ محمد عامر کی واپسی کے بعد پاکستان ٹیم اور زیادہ مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ کی بھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہو گی جبکہ ایک روزہ سیریز میں صفر اور آٹھ پر آؤٹ ہو کر ڈراپ ہونے والے اوپنر احمد شہزاد بھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

 احمد شہزاد،  فخر زمان کے ساتھ پاکستان کی اننگز شروع کریں گے۔ بابر اعظم ون ڈاون آئیں گے جب کہ مڈل آرڈر میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے علاوہ کپتان سرفراز احمد کی خدمات پاکستان کو حاصل ہوں گی۔ اسپن باؤلنگ کا شعبہ شاداب خان کے ساتھ دنیا کے نمبر ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی باؤلر عماد وسیم سنبھالیں گے جنہیں ممکنہ طور پر محمد عامر کے ہمراہ نئے گیند کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/N. Balout

پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوتا ہے اس لیے یہ سیریز دلچسپ ہو گی اور شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ ون ڈے سیریز کے دوران انہیں سٹے بازوں کی طرف سے فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی جس کی رپورٹ انہوں نے آئی سی سی انسداد بدعنوانی یونٹ اے سی یو کو کر دی۔

سری لنکا نے بشمول پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز رواں برس مسلسل بارہ ایک روزہ میچ ہارے ہیں تاہم کیلنڈر ایئر میں ان کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ریکارڈ اچھا ہے۔ سری لنکا نے دوہزار سترہ میں پہلی بار جس فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کو جنوبی افریقہ میں دو ایک سے شکست دی تو وہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ہی تھا۔ وہ آسٹریلیا جیسی طاقتور ٹیم کو بھی مختصر فارمیٹ میں ان کے گھر میں ہرا چکی ہے لیکن مشکل یہ ہے موجودہ ٹیم میں کپتان اپل تھرانگا، ملنگا، نروشن ڈکویلا جیسے کھلاڑی نہیں جو لاہور میں آخری میچ کھیلنے سے انکار کی وجہ سے سکواڈ سے باہر ہیں۔

ٹیسٹ سیریز: سری لنکا کی یادگار جیت اور پاکستان کی ’پہلی ہار‘

ون ڈے سیریز: پاکستان کے ہاتھوں سری لنکا کا وائٹ واش مکمل

پاکستان اور سری لنکا ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے تیار

سری لنکا کے سلیکٹرز نے آل راؤنڈر داسن شناکا اور اوپنر دانشکا گناتھلاکا کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ دلشان موناویرا اور چترنگا ڈی سلوا جیسے دس دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ سکواڈ میں جگہ دی ہے۔ داسن شناکا جو سری لنکا اے ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز میں تھے انہیں ہنگامی طور پر شمالی امریکا سے امارات بلوایا گیا ہے۔

آل راؤنڈر تھیسارا پریرا جو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تھے وہ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ اٹھائیس سالہ پریرا موجودہ برس تینوں فارمیٹس میں سری لنکا کی قیادت کرنے والے ساتویں کپتان ہیں۔ انہوں نے شیخ زید اسٹیڈیم میں اپنی پریس کانفرنس میں ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ خوف زدہ ہوئے بغیر ٹیم کے لیے کھیلیں۔ یہ سیریز ان نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ پریرار نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی خود غرضی کی بجائے سو فیصد ٹیم کی جیت کے لیے زور لگائیں گے اور کچھ خاص کر گزریں گے۔

Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/F. Nel

موجودہ دورے میں ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ میچوں میں بھی تماشائیوں کی دلچسپی کم رہی ہے تاہم پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے لیے ابوظہبی کی ریاست میں کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

پاکستان ٹیم تینوں میچ جیتنے کی صورت میں عالمی نمبر ایک بننے کی طرف قدم اٹھا سکتی ہے۔ سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان اور موجودہ عالمی نمبر ایک نیوزی لینڈ سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے رہ جائے گا۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں اب تک کھیلے گئے اٹھائیس ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں اوسط اسکور ایک سو بیالیس ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان چھ برس قبل یہاں کھیلا جانے والا  اکلوتا میچ پاکستان نے مصباح الحق کی قیادت میں پانچ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔‌

‌ ٹیسٹ سیریز دو صفر سے ہارنے کے بعد پاکستان نے رواں ہفتے سری لنکا کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔