پاکستان: ہزاروں گداگروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل
21 نومبر 2024سعودی عرب جانے والے پاکستانی گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بڑھتے ہوئے خدشات کے بعد پاکستان نے اپنی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں 4300 بھکاریوں کے نام شامل کر لیے ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد ہوئی ہے۔
عرب ممالک میں پاکستانی گداگروں اور جیب کتروں کے چرچے
اس میٹنگ کے دوران دونوں حکام نے پاک سعودی تعلقات کو بڑھانے سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بھی شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ حکومت گداگری مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 4300 بھکاریوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیے۔
سعودی عرب اپنے یہاں پاکستانی گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔
زیرو ٹالرینس کی پالیسی
حج اور عمرہ کے ویزوں پر سعودی عرب میں داخل ہونے والے پاکستانی گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر مملکت کی طرف سے اٹھائے گئے حالیہ خدشات کے بعد یہ پیشرفت ہوئی ہے۔ سعودی حکام نے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو ان ویزوں کے تحت ملک میں داخل ہونے والے گداگروں کے خلاف کارروائی کرنے کی تنبیہ کی تھی۔
پاکستانی مزدوروں کے 'نامناسب رویے' پر خلیجی ملکوں کی شکایت
میٹنگ کے دوران دونوں ملکوں کے وزراء نے پاکستان سے گداگروں کو سعودی عرب بھیجنے میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن پر بھی بات کی۔
نقوی نے تصدیق کی کہ 4,300 گداگروں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کے طریقوں کے خلاف "زیرو ٹالرینس" کی پالیسی پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت گداگری مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔
ملاقات میں قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر بھی بات ہوئی، دونوں فریقوں نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ نقوی نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب سے 419 پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے لیے قانونی طریقہ کار جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
’بھیک مانگ لیں، غیرقانونی طور پر یورپ نہ جائیں‘
پاکستان کے وزیر داخلہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب پاکستان کا "برادر اسلامی ملک" ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل تعاون کا عہد کیا۔
بھیک نہ مانگنے کا حلف نامہ
خیال رہے کہ چند دن قبل پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے گداگروں کے خلاف کئی سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں حج اور عمرہ کے لیے روانگی سے قبل حجاج کو ایک بیان حلفی پر راضی کرنا بھی شامل ہے۔ اس حلف نامے میں ان سے بھیک نہ مانگنے کا حلف لیا جائے گا۔
پاکستان: بگڑتی معیشت کا شاخسانہ، سفید پوش طبقہ گداگری پر مجبور
ٹور آپریٹرز اور ایجنسیوں کو بھی مبینہ طور پر حاجیوں سے حلف نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہو گی، اس حلف نامے کی خلاف ورزی کرنے والے کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ عازمین کو صرف گروپس میں سفر کرنے کی اجازت ہو گی انفرادی طور پر نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد اسلامی مقدس مقامات مکہ اور مدینہ میں کچھ پاکستانی شہریوں کی طرف سے گداگری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنا ہے، جس نے بظاہر بیرون ملک پاکستان کی شبیہ کو داغدار کیا ہے۔
ج ا ⁄ ص ز (خبر رساں ادارے)