1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستانی سائبر آرمی‘ نے بھارتی ویب سائٹ ہیک کر لی

4 دسمبر 2010

بھارت کے مرکزی تفتیشی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سائبر حملہ آوروں نے اپنی شناخت ’پاکستانی سائبر آرمی’ بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/QPbO
تصویر: AP Graphics/DW

خبررساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیکرز نے سی بی آئی کی ویب سائٹ پر ایک پیغام چھوڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستانی ویب سائٹس پر بھارت کی جانب سے ایسے ہی حملوں کا انتقام ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی درج کیا ہے۔

سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے صارفین عوام ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے بھارت کی 200 سے زائد ویب سائٹس پر اسی نوعیت کے حملے کئے ہیں۔ تاہم سی بی آئی کی ایک عہدیدار نے ان خبروں پر بیان دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، ’ہمیں پتہ چلا ہے کہ سی بی آئی کی ویب سائٹ جمعہ کی شب ہیک کر لی گئی۔ اس کی بحالی میں دو چار دِن لگیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، اس حملے میں کون ملوث ہے، اس کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ہیکرز کا کہنا ہے کہ ’انڈین سائبر آرمی’ نے پاکستانی ویب سائٹس ہیک کیں اور یہ کارروائی انہی کا ردِ عمل ہے۔‘

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا، ’واہ! ہم نے تمھاری ویب سائٹ ہیک کر لی، چلو دیکھتے ہیں کہ یہ نام نہاد تفتیشی ادارہ سی بی آئی آخر کیا کرتا ہے۔’

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے سرور میں گھسنے کی کوشش بھی کی ہے، جو بھارتی حکومت کی بیشتر ویب سائٹس کے لئے ذمہ دار ہے۔

رواں برس اگست میں بھی خود کو ’پاکستانی سائبر آرمی‘ کہنے والے ہیکرز نے کنگ فشر ایئرلائن کے سربراہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ وجے مالیا کی ویب سائٹ ہیک کر لی تھی۔ اس گروپ نے حالیہ برسوں میں متعدد بھارتی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں بھارت کی سرکاری کمپنی آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن کی ویب سائٹ بھی شامل ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں