1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پروفیسر عارف کی موت، سیاسی اثرات کیا ہوں گے

15 جنوری 2018

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کے زیرِاثر رابطہ کمیٹی کے کراچی میں متعین ڈپٹی کنوینر حسن ظفر عارف کی اچانک موت تاحال معمہ بنی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2qrhR
Pakistan Karatschi Professor Hasan Zafar Arif Abtransport Leiche
تصویر: picture-alliance/Zuma/PPI

تفصیلات کے مطابق حسن ظفر عارف ہفتے کی سہ پہر ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے آرٹس کونسل کے قریب پارٹی کی لیگل ایڈ کمیٹی کے رکن عبدالمجید کاروانی سے ملنے گئے تھے۔ عبدالمجید کاروانی کہتے ہیں، ’’پروفیسر صاحب میرے آفس آئے اور شام سات بجے کے قریب گھر یہ کہہ کر لوٹ گئے کہ بیٹی کو اتوار کے روز بیرون ملک جانا ہے۔تاہم اتوار کی صبح ان کی اہلیہ کا فون آیا جنہوں نے بتایا کہ حسن ظفر عارف رات بھر گھرنہیں آئے اور فون بھی نہیں اٹھا رہے۔ پھر کچھ دیر بعد ان کی موت کی خبر موصول ہوئی تو میں اسپتال پہنچا، جہاں ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔‘‘

کراچی: نئی سیاسی اُکھاڑ پچھاڑ کا شکار

ایم کیو ایم میں کا بحران: کیا یہ فِکس میچ ہے؟

الطاف حسین سے لاتعلقی کے باوجود نشانے پر ہیں، فاروق ستار

پولیس کا موقف ہے کہ حسن ظفر عارف کی لاش ریڑھی گوٹھ کے ویرانے میں کھڑی گاڑی کی پچھلی نشست سے برآمدہوئی تاہم ان کے جسم کے کسی بھی حصے پر چوٹ یا تشدد کا نشان نہیں ہے۔ لاش اسپتال منقتل کیے جانے پر جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر سیمی جمالی نے بھی پولیس کے بیان کی تائید کی لیکن پھر بھی کئی گھنٹوں تک پوسٹ مارٹم جاری رہا اور ایکسریز کے بعد رپورٹ محفوظ کرلی گئی۔

بہتر سالہ حسن ظفرعارف اسی (80) کی دھائی میں کراچی یونیورسٹی کے مقبول ترین لبرل اور بائیں بازو کے آزاد خیال اساتذہ میں شمار ہوتے تھے۔ انہیں جنرل ضیا کی آمریت کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا تھا اور اسی وجہ سے وہ ملازمت سے بھی برطرف کردیے گئے تھے۔

جیل سے رہائی کے بعد حسن ظفر عارف نے خود کو تعلیمی سرگرمیوں تک محدود کرلیا تھا تاہم اپنے خیالات پر ماضی کی طرح کاربند رہے۔

22 اگست 2016 کو جب الطاف حسین نے کراچی پریس کلب پر ایک اجتماع میں اپنی ٹیلی فونک تقریر میں پاکستان مخالف نعرے لگائے اور کراچی میں موجود پارٹی قیادت نے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کردیا، اس وقت کوئی الطاف حسین کے ساتھ کھڑا ہونے کو تیار نہیں تھا۔ ایسے میں پروفیسر حسن ظفر عارف نے ایم کیو ایم کے نظریے کے خلاف سوچ رکھنے کے باوجود اپنے کئی دیگر ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے نتیجے میں انہیں جیل بھی جانا پڑا۔

کئی ماہ بعد رہائی ملی تو جیل کے دروازے سے ہی پولیس نے دوبارہ حراست میں لے لیا اور وہ کئی ماہ تک جیل میں رہے۔ اس مرتبہ جب رہائی ملی تو وقتاﹰ فوقتاﹰ راستے سے سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں حبس بے جا میں رکھنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

کراچی میں میاں بیوی کا غیرت کے نام پر قتل

ایم کیو ایم لندن اور پاکستان دونوں نے پروفیسر حسن ظفر عارف کی موت کو قتل قرار دیا ہے تاہم دونوں کی جانب سے اس کی ممکنہ وجوہات الگ الگ ہیں۔

دیگر سیاسی جماعتوں نے فی الحال اس معاملہ پر محتاط رویہ اختیار کیا ہوا ہے مگر سوشل میڈیا پر شہری بلاتفریق اسے قتل قرار دے کر اپنے اپنے انداز میں اس کی مذمت کر رہے ہیں۔

البتہ کراچی کی سیاست پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق ایم کیو ایم اور الطاف حسین کی مظلومیت اور مقبولیت دونوں اس ایک اچانک موت کے باعث بڑھے گی اور یہ موت ایم کیو ایم کو پھر سے سیاسی دوام بھی بخش سکتی ہے اور جب تک حسن ظفر عارف کی موت کا معمہ حل نہیں ہوتا، تب تک اس کا فائدہ ایم کیو اہم کو ہی ہو گا۔