1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طیارہ حادثہ: انکوائری بٹھائی جائے گی 

عبدالستار، اسلام آباد | صائمہ حیدر
8 دسمبر 2016

پاکستان میں گزشتہ روز ہونے والے جہاز کے حادثے کے حوالے سے حکومتی نمائندے کا کہنا ہے کہ حادثے کے ممکنہ اسباب کی انکوائری کی جائے گی تاہم تفصیلی تحقیقات میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2TxXw
Pakistan Flugzeugabsturz
لاشوں کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہےتصویر: DW/A. Sattar

گزشتہ روز مورخہ سات دسمبر کو پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین  کی ایک بڑی تعداد آج اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی شناخت کے لیے پہنچی۔ طیارے کے حادثے میں سینتالیس جانیں ضائع ہونے کے بعد سے ملک بھر میں سوگ کی فضا طاری  ہے۔

حادثے کے بعد پاکستان میں کئی حلقے فضائی سفر میں سلامتی کی صورتِ حال کے حوالے سے سوالات اٹھا رہے ہیں لیکن حکومت کے خیال میں پاکستان میں فضائی حادثے دوسرے ممالک کی نسبت بہت کم رونما ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے سابق وزیرِ ماحولیات مشاہد اللہ خان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’یہ کہنا کہِ ان حادثات کی تعداد پاکستان میں بڑھتی جارہی ہے ، مناسب نہیں اور پی آئی اے کے جہازوں میں تو حادثات ویسے ہی گِنے چُنے ہیں۔ لوگ اُس سی وَن 30 کے حادثے کو بھی پی آئی اے کے کھاتے میں ڈالتے ہیں جس میں جنرل ضیاالحق کی ہلاکت ہوئی تھی۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا، ’’ اس حادثے پرانکوائری بٹھائی جائے گی جس کی ابتدائی رپورٹ چار ماہ  میں آجائے گی جب کہ اس حادثے کی تفصیلی تحقیقات میں ایک سال کا عرصہ  لگ سکتا ہے۔ انکوائری ملکی اور بین الاقوامی قوانین کا تقاضہ ہے تو اِس سے بھاگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہاں تک کے انشورنس کی رقم کی  ادائیگی کے لئے بھی یہ ضروری ہے۔ لہذٰا انکوائری ضرور ہوگی اور حقائق کو منظرِ عام پر لایا جائے گا۔‘‘

ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت کے حوالے سے پاکستان انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکڑ وسیم خواجہ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’تئیس افراد کی لاشیں پمز لائی گئیں ہیں، جو بری طرح جُھلسی ہوئی ہیں۔ اس لئے اِن کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بغیر ممکن نہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے تیئس افراد کے نمونے لئے جارہے ہیں۔ ٹیسٹ کے نتائج آنے میں سات سے دس دن لگ سکتے ہیں۔‘‘

Pakistan Flugzeugabsturz
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق تیئس لاشیں پمز پہنچادی گئی ہیں جہاں ڈی این اے کے نمونے لئے جارہے ہیںتصویر: DW/A. Sattar

پاکستان کے ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ بقیہ لاشوں کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔  نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان احمد کمال نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’تیئس لاشیں پمز پہنچادی گئی ہیں جہاں ڈی این اے کے نمونے لئے جارہے ہیں۔ چوبیس لاشیں ابھی لائی جارہی ہیں۔ ان لاشوں کو اسپتالوں میں موجود گنجائش کے حوالے سے رکھا جائے گا کیونکہ ہر اسپتال کے سرد خانے کی گنجائش مخصوص ہوتی ہے۔ اس گنجائش کے حوالے سے پمز میں آٹھ لاشیں رکھی جائیں گی، کمبائنڈ ملڑی اسپتال  راولپنڈی میں اٹھارہ، پولی کلینک اسلام آباد میں دس، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال راولپنڈی میں پانچ اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اسپتال میں دو لاشیں رکھی جائیں گی۔‘‘

انہوں نے کہا این ڈی ایم اے نے لاشوں کو لانےکے لئے متعلقہ اداروں سے مل کر ہیلی کاپٹرز کا انتظام کیا ہے جب کہ ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات بھی این ڈی ایم اے کی طرف سے ہی کیے جارہے ہیں۔ ’’اگر حکومت نے معاوضےکی ادائیگی کا  فیصلہ کیا تو وہ بھی ہمارے ہی ادارے کے ذریعے کی جائے گی۔‘‘

پی آئی اے کے ترجمان عادل گیلانی نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ کچھ افراد کی لاشیں اُن کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا، ’’ ابھی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ابھی تو صرف ڈی این اے کے لئے نمونے لئے گئے ہیں۔ اس میں کچھ دن لگیں گے۔ پی آئی اے نے لواحقین کو اسلام آباد پہنچنے کے لئے فضائی ٹکٹ دیے ہیں۔ ہوٹلوں میں اُ ن کے رہنے کا بندوبست کیا ہے جب کہ اُن کو سفری سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں پی آئی اے انتظامیہ نے تمام ہلاک شدگان کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے فی کس دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان کے تجہیزوتکفین کے لئے دیےجائیں گے۔‘‘

Pakistan Flugzeugabsturz
حکومت کے خیال میں پاکستان میں فضائی حادثے دوسرے ممالک کی نسبت بہت کم رونما ہوتے ہیںتصویر: DW/A. Sattar

عادل گیلانی نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کی تردید کی کہ یہ طیارہ فنّی نکتہ ء نظر سے اڑانے کے قابل نہیں تھا۔’’ طیارہ فنّی لحاظ سے بالکل صحیح حالت میں تھا۔ اس کے سفری گھنٹے بھی صرف اٹھارہ سو کے قریب تھے۔ جہاز نے ٹیک آف بھی بالکل صحیح انداز میں کیا تھا۔ اس حادثے کے حوالے سے تحقیقات کی جائے گی ۔ لہذٰا ایسی  قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیئے۔‘‘

پاکستان کے شہروں لاہور اور پشاور میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لئے غائبانہ نمازِ جنازہ اداکی گئی جب کہ کئی شہروں میں ہلاک شدگان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے اس حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے کل اور آج اسی حادثے کو اپنا موضوعِ بحث بنایا اور ہلاک ہونے والے مختلف افراد کے حوالے سے خصوصی رپورٹیں دکھائیں۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگ اپنے پیغامات کے ذریعے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ پر سب سے زیادہ کوریج  پاکستان کی معروف شخصیت جُنید جمشید کو دی گئی جنہوں نے سن 2002  کے بعد ڈرامائی طور پر موسیقی کی دنیا کو خیر باد کہہ کر مذہب سے لَو لگا لی تھی۔ اس تبدیلی کے بعد انہوں نے نعت گوئی کا آغاز کیا  اور اپنی مصروفیات کا ایک بڑاوقت دعوتِ تبلیغ میں صَرف کیا۔