چین نے سپر کمپیوٹر بنا لیا
29 اکتوبر 2010چین کا کہنا ہے کہ اس کا Tianhe-1A دنیا کاتیز ترین سپرکمپیوٹر ہے۔ اس کی کیلکولیشن سپیڈ 2.5 ہزار ٹرلین فی سیکنڈ ہے۔ اس سے پہلے جون میں جاری کی گئی عالمی فہرست میں اسے ساتویں نمبر پر رکھا گیا تھا، تب اس کی پروسیسنگ سپیڈ 1.76 ہزار ٹرلین فی سیکنڈ بتائی گئی تھی۔
تاہم اب چین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سپر کمپیوٹر کی رفتار کہیں زیادہ ہے اور یہ دنیا کا تیز ترین کمپیوٹر بن گیا ہے۔
سپرکمپیوٹر کا چین کے سرکاری محکموں میں تجربہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ موسمیات اور تیل و کان کنی کے شعبوں نے اس کمپیوٹر کی مدد لینا شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیاتیاتی سائنس کے میدان میں بھی اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سپرکمپیوٹر نامی اس مشین کے پروسیسر فریج کے سائز کے سو سے زائد خانوں میں رکھے گئے ہیں، جن کا مجموعی وزن 155 ٹن ہے۔ اسے تیان جن میں چین کے نیشنل سینٹر برائے سپر کمپیوٹنگ میں رکھا گیا ہے۔
سپر کمپیوٹر کا حقیقی استعمال اعلیٰ درجے کے ہتھیار بنانے میں بھی ہوتا ہے۔ میزائل، جوہری بم اور دیگر اقسام کے ہتھیاروں کے جائزے اور ترتیب میں یہ کمپیوٹر کئی طرح کی آسانیاں فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے پتا لگایا جاتا ہے کہ درجہ حرارت میں ایک ڈگری کا فرق آنے پر میزائل کے طرز عمل میں کیا فرق پڑے گا۔ یوں تحقیق کے اعلٰی پہلوؤں کو چھونے کے لئے سپر کمپیوٹر کی مدد لی جاتی ہے۔
اس کمپیوٹر کی ٹیکنالوجی میں آگے نکلنے کی دوڑ کئی ممالک کے درمیان ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جس ملک کے پاس سب سے تیز کمپیوٹر ہوتا ہے وہ دوسرے سے ٹیکنالوجی کے معاملے میں آگے نکل سکتا ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عابد حسین