1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈنمارک کا نیا ادبی اعزاز ہیری پوٹر کی مصنفہ کے لئے

21 اکتوبر 2010

ڈنمارک میں 2005ء میں وہاں کے نامور ادیب ہنس کرسٹیان اینڈرسن سے موسوم ایک نیا ادبی اعزاز جاری کیا گیا تھا۔ پہلی مرتبہ یہ اعزاز ہیری پوٹر جیسا مقبول کردار تخلیق کرنے والی برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کو دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Pirm
برطانوی مصنفہ جے کے رولنگتصویر: AP

پانچ لاکھ کرونر (67 ہزار یورو) کے اِس انعام کی تقریبِ تقسیم رواں ہفتے منگل کو ڈنمارک کے اوڈینسے نامی شہر میں منعقد ہوئی۔ یہ وہی شہر ہے، جہاں اینڈرسن نے 1805ء میں ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی تھی۔ اُن کی پیدائش کے ٹھیک 205 برس بعد اُن کے آبائی شہر میں برطانیہ کی اُس ادیبہ کو اینڈرسن سے موسوم انعام سے نوازا گیا، جو اینڈرسن ہی کی طرح دیو مالائی داستانیں تخلیق کرنے کا جوہر رکھتی ہے۔

Hans Christian Andersen
ڈنمارک کے ہنس کرسٹیان اینڈرسن اپنی دیو مالائی داستانوں کے لئے عالمی شہرت کے حامل ہیںتصویر: dpa

اِس تقریب میں جے کے رولنگ نے کہا کہ وہ اینڈرسن کے تخلیق کردہ لازوال کرداروں کو بے حد پسند کرتی ہیں۔ رولنگ کے مطابق ’اینڈرسن نے ایسے ابدی کردار تخلیق کئے ہیں، جنہیں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ بدصورت بطخ، ننھی جل پری، برف کی شہزادی یا پھر برہنہ بادشاہ‘۔ رولنگ نے کہا کہ وہ اپنی ہیری پوٹر سیریز کے کراداروں کا ہرگز اینڈرسن کے کرداروں کے ساتھ موازنہ نہیں کر سکتیں، یہ اور بات ہے کہ اِن کرداروں سے بھی اُنہیں اِس قدر محبت ہو گئی تھی کہ سترہ برس بعد اِن سے جدا ہونا ایک تکلیف دہ تجربہ تھا۔

رولنگ نے نوعمر جادوگر ہیری پوٹر کے کردار پر مجموعی طور پر سات کتابیں تحریر کیں، جو دُنیا بھر میں 400 ملین سے زیادہ کی تعداد میں شائع ہوئیں اور جن کا متعدد زبانوں میں ترجمہ بھی ہوا۔

Harry Potter 2009
ہیری پوٹر کے کردار پر جے کے رولنگ کی داستان کی مجموعی طور پر سات جلدیں شائع ہو چکی ہیںتصویر: AP

ہنس کرسٹیان اینڈرسن نے 1875ء میں کوپن ہیگن میں اپنے انتقال تک مجموعی طور پر 160 داستانیں اور نظمیں تخلیق کیں۔ اینڈرسن سے موسوم ایک ادبی اعزاز، جو بچوں کی کتابوں کے لئے دیا جاتا ہے، دُنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے اور 1956ء سے دیا جا رہا ہے۔ تاہم جب 2005ء میں اینڈرسن کی دو سو ویں سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تو نجی شعبے کی جانب سے ایک نئے اینڈرسن انعام کا اعلان کیا گیا اور کہا یہ گیا کہ یہ انعام ایسی شخصیات کو دیا جائے گا، جن کی ادبی تخلیقات کا اینڈرسن کے کام کے ساتھ موازنہ کیا جا سکتا ہو۔

اینڈرسن اور رولنگ کی اپنی داستان بھی ایک دوسرے سے ملتی جُلتی ہے، دونوں نے ایک ایسے وقت پر لکھنا شروع کیا، جب وہ غریب تھے۔ رولنگ سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں سماجی مدد پر گزارہ کر رہی تھیں، جب اُنہوں نے اپنی ادبی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ تب وہ ایک بچے کی ماں بھی تھیں، جس کی وہ اکیلے ہی پرورش کر رہی تھیں۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں