کابل ایئر پورٹ کی بندش، پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ منسوخ
9 اپریل 2021کابل ایئر پورٹ پر بارودی مواد کے ملنے کے بعد اُس پاکستانی ہوائی جہاز کو واپس بھیج دیا گیا، جس پر قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر بھی سوار تھے۔ ان کی قیادت میں اراکینِ پارلیمنٹ کا ایک خصوصی وفد افغانستان کے دورے پر گیا تھا۔ افغان سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہوائی اڈے پر جو بارودی مواد ملا ہے، وہ برسوں پہلے جنگی حالات میں پھٹ نہیں سکا تھا۔
کابل ایئرپورٹ کے قریب بڑے دھماکے اور فائرنگ
بارودی مواد
افغان دارالحکومت کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی سکیورٹی اور دوسرے انتظامی معاملات کے کمانڈر جنرل ریاض ارائیں نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے پر بارودی مواد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے گشت پر مامور ایک دستے کو ملا اور یہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ایک عمارت میں موجود تھا۔ اس بارودی مواد کے ملنے کے بعد کابل ایئر پورٹ فوری طور پر بند کر دیا گیا اور یہ بندش کئی گھنٹے رہی۔
ہوائی اڈے پر اترنے اور روانہ ہونے والی کئی بین الاقوامی پروازوں کو تاخیر کا سامنا رہا۔ اس بارودی سامان کی دستیابی پر نیٹو کی جانب سے کوئی بیان یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
اسد قیصر کا دورہ منسوخ
جنرل ریاض آرائیں کا مزید کہنا تھا کہ ان حالات میں پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو لانے والے ہوائی جہاز کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس کو واپس موڑ دیا گیا۔ اس طرح اسد قیصر کا افغان دورہ منسوخ کر دیا گیا۔
افغانستان میں کارگو جہاز تباہ ، آٹھ افراد ہلاک
افغان پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کے سیکریٹری عبد القادر زازی نے بھی کہا ہے کہ اسد قیصر کے تین روزہ دورے کو اب رواں برس کسی مناسب موقع پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکر کو اس دورے کی دعوت افغان ایوانِ زیرین کے اسپیکر میر رحمت رحمانی نے دی تھی۔
پاکستانی وفد کی سلامتی کو خطرہ
افغان پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کے سیکرٹری عبد القادر زازی نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے جہاز واپس کیے جانے کے بعد ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مستقبل میں دورے کی نئی تاریخ طے کرنے کا بتایا۔
افغانستان کے لیے مقرر خصوصی پاکستانی ایلچی محمد صادق نے اپنے ٹویٹ میں اس صورت حال کو وفد کی سلامتی کے لیے ایک خطرہ قرار دیا۔ ان کے مطابق جہاز اترنے والا تھا کہ کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو ہوائی اڈہ بند کرنے کی اطلاع دی اور لینڈنگ کو منسوخ کر دیا۔
طالبان کا کابل ایئر پورٹ پر حملہ
اس دورے کو موقع پر کابل شہر میں پاکستانی و افغان پارلیمانوں کے اسپیکروں کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔ افغان پارلیمنٹ کے ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ جلد ہی کابل انتظامیہ کی میٹنگ میں اس غیر معمولی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا کہ کہیں اس میں ایئر پورٹ کے عملے کی غفلت شامل تو نہیں۔
ع ح، ع ا (اے پی)