1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاربن کے اخراج میں کمی سے لاکھوں اموات رک سکتی ہیں، اسٹڈی

9 اپریل 2023

سائنس دانوں کے مطابق مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں گرمی سے ہونے والی 80 فیصد اموات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو گرمی کی شدت سےایران میں اموات کی شرح سب سے زیادہ ہوگی۔

https://p.dw.com/p/4Ph4n
Bahrain Erdoelfoerderung
تصویر: PantherMedia/Anna Opoleva

ایک تازہ ترین سائنسی مطالعے کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں  کو محدود کرنے کے لیے عالمی اہداف پورا کرنے سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں گرمی سے ہونے والی لاکھوں اموات رک جائیں گی۔ 'دی لانسیٹ پلانیٹری ہیلتھ‘ جریدے میں شائع ہونے والی ایک اسٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ زمین کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے کو دو ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کے لیے کاربن کے اخراج میں کمی سے خطے میں گرمی سے ہونے والی اموات میں 80 فیصد کمی واقع ہو جائے گی۔

پانی کی کمیابی کے باعث دنیا بھر میں شدید مقابلہ بازی

Flash-Galerie Wüsten
سائنسدانوں کے مطابق کاربن کےاخراج میں کمی سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطوں میں گرمی سے ہونے والی اموات میں 80 فیصد کمی واقع ہو جائے گیتصویر: AP

 اقوام متحدہ کا ماحولیاتی سربراہی اجلاس دبئی میں

گرمی کے خطرے پر علاقائی توجہ ایک ایسے  وقت میں سامنے آئی ہے، جب دبئی، نومبر میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس کاپ ٹوئنٹی ایٹ کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک نے پیرس ماحولیاتی معاہدوں کے تحت گلوبل وارمنگ کو ڈیڑھ ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، جس سےکاربن کے کم اخراج والے توانائی کے ذرائع پر منتقل ہونے کی کوششیں شروع ہو جائیں گی۔

موسمیاتی تبدیلیاں، غذائی قلت کے شکار افراد کی تعداد دوگنی ہو گئی

 لندن سکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے ماہرین کی زیر قیادت اس تحقیق کے مطابق اگر کاربن کے اخراج میں کمی نہ لائی گئی اور فضا میں اس کی مقدار بڑھ گئی تو ایسی صورت میں اس صدی کے آخر تک خطے میں بسنے والے ہر ایک لاکھ افراد میں سے ہر سال تقریباﹰ 123 افراد گرمی سے متعلقہ وجوہات کی وجہ سے موت کا شکار ہوں گے۔

ایران میں اموات کا خطرہ زیادہ

یہ موجودہ گرمی سے ہونے والی اموات کی شرح سے 60 گنا زیادہ اور دنیا کے دیگر خطوں سے کہیں زیادہ ہوگی۔ تجزیہ کیے گئے 19 ممالک میں سے ایران میں زیادہ اخراج کے منظر نامے کے تحت سالانہ اموات کی شرح سب سے زیادہ ہونے کی توقع تھی۔ یہ شرح  ہر ایک لاکھ کی آبادی میں 423 اموات سالانہ ہے۔

Israel Vogelschwarm von Staren beim Sonnenuntergang
ایران میں گرمی کی شدت سے اموات کا خدشہ سب سے زیادہ ہےتصویر: Menahem Kahana/AFP

اس اسٹڈی کے ایک سرکردہ مصنف شکور حجات نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایران کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

حجات نے کہا کہ اگر دو ڈگری سیلسیس  کا ہدف حاصل نہ کیا گیا تو اس کے  صحت پر ''تباہ کن‘‘ اثرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ''مضبوط اقدامات کے باوجود خطے کے ممالک کو اپنے شہریوں کو شدید گرمی کے خطرات سے بچانے کے لیے ایئر کنڈیشننگ اور دیگر طریقےاختیار کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ صحت عامہ کے اقدامات، جیسا کہ گرمی سے بچاؤ کے قومی منصوبے اور ہیٹ الرٹ وارننگ سسٹم متعارف کروائے جا سکتے ہیں، ''یہ یورپ اور شمالی امریکہ اور ایشیا کے کچھ حصوں میں عام ہیں، لیکن مشرق وسطیٰ میں نہیں۔ بہت سے مینا ( مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ) ممالک کو بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے بہتر تیاری اور اپنے موجودہ صحت کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

ش ر⁄ اب ا (اے ایف پی)

2023ء شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا خطرہ