کانگو میں جہاز تباہ، ہلاک شدگان کی تعداد 74
9 جولائی 2011خراب موسم کے دوران لینڈنگ کرتے ہوئے بوئنگ 727 طیارہ جمعہ کی شب گر کر تباہ ہوا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امدادی ادارے ریڈ کراس کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح تک تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے مزید اٹھائیس لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ اس طرح ہلاک شدگان کی تعداد 74 ہو گئی۔
قبل ازیں حادثے کا شکار ہونے والی ہوائی کمپنی کے ڈائریکٹر نے 56 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔ اس جہاز میں عملے سمیت کل 118مسافر سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے میں بچ جانے والے 38 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور کئی کی حالت نازک ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپوٹوں کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔
اس طیارے کو یہ حادثہ کیسنگانی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔ ہیوا بورا نامی اس فضائی کمپنی کا نام کانگو میں رجسٹرڈ باقی تمام ایئر لائنز کی طرح یورپی یونین کی طرف سے خطرناک قرار دی گئی فضائی کمپنیوں کی بلیک لسٹ میں شامل ہے۔ اس ایئر لائن کے کسی مسافر طیارے کو گزشتہ تین سال میں پیش آنے والا یہ دوسرا انتہائی ہلاکت خیز حادثہ ہے۔ کانگو میں ہوائی جہازوں کو حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ اکثر اوقات ان حادثات کی وجہ پرانے جہازوں کو قرار دیا جاتا ہے، جو سکیورٹی کے حوالے سے خطرناک قرار دیے جا چکے ہوتے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف