1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی: پانچ دنوں میں ایک سو سے زائد انسانی جانیں ضائع

9 جولائی 2011

کراچی میں بد امنی کی تازہ لہر میں مارے جانے والوں کی تعداد ایک سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کے احکامات ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11s7Y
تصویر: AP

سکیورٹی ذرائع کے مطابق قریب 157 مشتبہ دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان افراد سے پستولیں اور میشن گنیں برآمد ہوئی ہیں۔ جمعہ کی شب تک حکام نے لگ بھگ نوے افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ اور جمعہ کی شب مزید کم از کم 13 افراد نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

کشیدگی کی لہر شہر کے جنوبی حصے تک پھیلنے کی اطلاعات ہیں، جہاں دکانوں کو جلانے اور فائرنگ کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق مسلح گروہوں کے مابین شہر کے کاروباری علاقوں جوڑیا بازار، رنچھوڑ لائن اور صرافہ بازار پر کنڑول کی بھی لڑائی ہورہی ہے۔

Bombenanschlag in Karatschi Pakistan
کراچی میں رینجرز کو گھر گھر تلاشی اور شر پسندوں کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کے اختیارات دیے گئے ہیںتصویر: AP

جمعہ کو متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ اور ٹرانسپورٹ برادری کی جانب سے احتجاج کے سبب شہر بھر میں معمولات زندگی متاثر رہے۔ آج ہفتہ کو شہر کے متاثرہ مغربی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے اضافے دستوں کی آمد کے بعد دکانیں کھلیں۔ سلامتی کی مخدوش صورتحال کے سبب اورنگی اور بنارس کے آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے دکانیں بند تھیں۔ کراچی میں متعین نیم فوجی رینجرز کے ترجمان نے قصبہ کالونی سے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا بیان جاری کیا ہے۔

رینجرز کو گھر گھر تلاشی کے اختیارات بھی حاصل ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے منظور وسان شہر میں قیام امن کو اپنی اولین ترجیح قرار دے رہے ہیں۔

Unruhen in Karachi
شہریوں کی املاک کو نذر آتش کرنے کے بھی متعدد واقعات رونما ہوئے ہیںتصویر: dapd

دریں اثنا ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شہر میں قیام امن کے لیے حکومتی لائحہ عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایشیا پیسیفک کے لیے اس تنظیم ڈائریکٹر سام زریفی کے بقول سکیورٹی فورسز کو یہ اجازت دینا کہ وہ مشتبہ افراد کو دیکھتے ہی گولی مار دیں، شہر کو جنگ زدہ قرار دینے کے مترادف ہے۔

سامی زریفی نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس کے مطابق، ’’ پاکستانی فوج کے انسانی حقوق کی پامالیوں کے سابقہ ریکارڈ کو نظر میں رکھتے ہوئے انہیں ایسی اجازت دینا، بحران میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، اس سے لاقانونیت اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔‘‘ ان کے بقول ایسے احکامات اس بات کی علامت ہیں کہ حکومت اپنی سکیورٹی فورسز کو قانون سے بالاتر سمجتھی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید