1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسٹین لاگارڈ: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی نئی سربراہ

29 جون 2011

عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کے ایگزیکٹو بورڈ نے کثرت رائے سے فرانس کی وزیر خزانہ کرسٹین لاگارڈ کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ لاگارڈ کے مقابلے پر میکسیکو کے آگسٹین کارسٹنز تھے۔

https://p.dw.com/p/11l6O
کرسٹین لاگارڈتصویر: AP

ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کے مستعفی ہونے کے بعد انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ منگل کے روز اس ادارے کے چوبیس رکنی ایگزیکٹو بورڈ نے فرانس کی وزیر خزانہ کو اپنا نیا سربراہ چن لیا۔ یہ فیصلہ کثرت رائے سے کیا گیا۔ وہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔

وہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (IMF) کی پانچ سال کے لیے سربراہ مقرر کی گئی ہیں۔ ان کی مدت پانچ جولائی سن 2011 سے شروع ہو گی۔

لاگارڈ کو امریکہ اور یورپ کے علاوہ چین، برازیل، انڈونیشیا اور بھارت کی بھی حمایت حاصل ہو گئی تھی۔ لاگارڈ نے اپنے انتخاب کا میسج سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر بھی ریلیز کیا۔ انہوں نے اس پیغام میں اپنے انتخاب کو ایک اعزاز قرار دیا۔

DW-Fotomontage aus: +++ France's Finance Minister Christine Lagarde, before a press conference in Brasilia, Brazil, Monday, May 30, 2011. (AP Photo/Eraldo Peres) +++ Agustin Carstens, president of Mexico's Central Bank, waits for an interview at the Associated Press office in Mexico City, Monday June 6, 2011 (AP Photo/Alexandre Meneghini)
لاگارڈ اور میکسیکو کے آگسٹین کارسٹینزتصویر: AP/DW-Fotomontage

لاگارڈ کے انتخاب پر کئی ملکوں کی جانب سے خیر مقدمی بیان سامنے آئے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے مسرت کا اظہار کیا۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے لاگارڈ کے انتخاب کو فرانس کی فتح سے تعبیرکیا۔ عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہی کے خواہشمند دوسرے امیدوار آگسٹین کارسٹنز (Agustin Carstens) نے بھی کرسٹین لاگارڈ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر کا کہنا ہے کہ لاگارڈ انتہائی باصلاحیت خاتون ہیں اور وہ مالیاتی ادارے اور بورڈ کو اپنے تجربے سے نوازیں گی۔

کرسٹین لاگارڈ سن 2007 سے فرانس کی وزیر خزانہ چلی آ رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ فرانس کی بیرونی تجارت کی وزیر بھی رہ چکی ہیں۔ کچھ عرصہ وہ زراعت و ماہی پروری کی وزیر بھی بنائی گئی تھیں۔ وہ پہلی جنوری سن 1956 میں پیرس شہر میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ فرانس اور امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فارغ التحصیل ہیں۔ بنیادی طور پر وہ لیبر معاملات کی قانون دان ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے (IMF) کا قیام سن 1944 میں ہوا تھا اور تب سے اس کی سربراہی کسی بھی یورپی ملک کے مالیاتی امور کے ماہر کو تفویض کی جاتی ہے۔ دوسری جانب ورلڈ بینک کا سربراہ امریکہ سے تعلق رکھتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں