کملا ہیرس کا طوفان سے متاثرہ امریکی ریاست کا دورہ
5 اکتوبر 2024نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس آج ہفتے کے روز جنوب مشرقی امریکی ریاست، نارتھ کیرولینا کا سفر کریں گی۔ اس امریکی ریاست میں سمندری طوفان ہیلین نے شدید تباہی مچائی ہے۔
ہیرس کا یہ دورہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے ایک دن بعد ہورہا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے دورے میں امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ کہا کہ وہ اس علاقے میں تباہی اور نقصان سے نمٹنے میں ناکام ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کو ایک 'دھوکہ‘ قرار دیا۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں آںے والے طوفان ہیلین نے امریکہ میں شدید تباہی مچائی ہے۔ کئی امریکی ریاستیں اس طوفان کی لپیٹ میں آچکی ہیں اور متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوچکی ہے۔ 2005 میں امریکہ میں آنے والے طوفان 'کترینہ‘ کے بعد اس طوفان کو سب سے زیادہ خطرناک طوفان تصور کیا جارہا ہے۔ اس طوفان کے نتیجے میں 220 کے قریب ہلاکتیں ہوئی تھیں، جن میں سے نصف سے زائد امریکی ریاست کیرولینا میں ہوئیں۔
ہیرس کا دورہ جارجیا
اس سے قبل ہیرس امریکی ریاست جارجیا کا دورہ بھی کر چکی ہیں جہاں سمندری طوفان نے شدید تباہی مچائی ہے۔
جارجیا میں ہیرس نے کھانا تقسیم کرنے میں امدادی کارکنان کی مدد کی اور ان خاندانوں سے اظہار افسوس بھی کیا جنہیں اس طوفان کے باعث جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بائیڈن انتظامیہ نے اب تک پورے جنوب مشرق میں کئی مہینوں تک امدادی کام اور بحالی کے مراحل پر آنے والے تمام اخراجات کو پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے قانون سازوں کو 'سمال بزنس ایڈمنسٹریشن‘ کے ڈیزاسٹر لون پروگرام کے لیے فنڈز کو جلد بحال کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
بائیڈن نے کیرولینا، فلوریڈا اور جارجیا کے دو روزہ دورے کے دوران ان علاقوں کا دورہ بھی کیا جہاں طوفان شدید نقصان کا باعث بنا ہے۔
ٹرمپ کی حکومت پر سخت تنقید
دوسری جانب سابق صدر اور اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ دعوی ہے کہ بائیڈن انتظامیہ متاثرہ ریاستوں میں مناسب امدادی کارروائیاں کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن انتظامیہ خصوصاﹰ ریپبلکن علاقوں میں سمندری طوفان کے متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہو رہی ہے۔
جمعرات کو نارتھ کیرولینا میں اپنے ایک دورے میں ٹرمپ نے ایک بار پھر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ''خاص طور پر شمالی کیرولینا کے ساتھ ناروا سلوک‘‘ روا رکھا گیا ہے۔
ر ب/ ش ر(روئٹرز)