1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیمرون کا بیان: برطانوی سفیر کی طلبی

2 اگست 2010

پاکستان میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے اُس بیان پر سخت ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، جو انہوں نےگزشتہ ہفتے اپنے دورہء بھارت کے موقع پر پاکستان کو ’’دہشت گردی پھیلانےکا ذمہ دار‘‘ ٹھہرانے کے حوالے سے دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/Oa3m
ڈیوڈ کیمرون نے دورہء بھارت کے موقع پر پاکستان کو ’’دہشت گردی پھیلانےکا ذمہ دار‘‘قرار دیاتصویر: AP

پیر کے روز اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خود ان سے ملاقات کی۔ عام طور پر جب کسی غیرملکی سفیرکو طلب کیا جاتا ہے، توسیکریٹری خارجہ یا دفترخارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام میں سے کوئی اس سے بات چیت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ قریشی نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستانی حکومت اور عوام کے ان جذبات سےآگاہ کیا، جو ڈیوڈ کیمرون کے بھارت میں دئے گئے بیان کے حوالے سے ملک میں پائے جاتے ہیں۔

David Cameron
کیمرون کے متنازعہ بیان پر برطانوی سفیر کی طلبیتصویر: UNI

اعلامیے کے مطابق قریشی نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ اس کی ذمہ داری کسی ایک ملک پر ڈالنے کے بجائے تمام ممالک کو اس کے حل کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے ڈیوڈ کیمرون کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئےکہا کہ برطانیہ آئندہ دنوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید پائیدار بنانا چاہتا ہے۔

Pakistan Außenminister Shah Mehmood Qureshi
وزیر خارجہ قریشی نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات سےآگاہ کیاتصویر: Abdul Sabooh

اسی دوران پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کےعلاوہ عوامی حلقے بھی برطانوی وزیراعظم کے بیان کے تناظر میں ملکی صدر زرداری کے مجوزہ دورہء برطانیہ کی منسوخی چاہتے ہیں۔ صدر زرداری اس وقت فرانس میں ہیں، جہاں سے وہ برطانیہ جائیں گے اور ڈیوڈ کیمرون سے بھی ملیں گے۔

اس حوالے سے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے: ’’کسی قیمت پر بھی یہ کوئی ایسا موقع نہیں ہے کہ صدر پاکستان لندن جا کر برطانوی وزیراعظم سے ملیں۔‘‘ نواز شریف کے مطابق: ’’میں سمجھتا ہوں کہ یہ دورہ نامناسب اور پاکستانی عوام کے جذبات کی توہین ہے۔‘‘

دوسری طرف وفاقی وزیرقانون بابر اعوان نے اس سلسلے میں اپوزیشن کی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا درست تشخص اجاگر کرنے کےلئے صدر زرداری کے بین الاقوامی دورےناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’صدر زرداری کے برطانیہ جانے کا مقصد پاکستان اور اس کے سکیورٹی اداروں کے بارے میں جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دینا ہے۔ ہماری لیڈرشپ کا فرض ہےکہ عالمی رہنماؤں سے بات چیت کے ذریعے ان غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔‘‘

قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر اور وزیر خارجہ نے بھی اپنی ملاقات میں صدر زرداری اور برطانوی وزیراعظم کی آئندہ ملاقات کو دونوں ملکوں کے مابین غلط فہمیوں کے ازالے اور تعلقات کی بہتری کے لئے اہم قرار دیا۔

رپورٹ : شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں