1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیمیا کا نوبل انعام حاصل کرنے والی پانچویں خاتون

3 اکتوبر 2018

نوبل انعام برائے کیمسٹری کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ انعام دو امریکی اور ایک برطانوی ریسرچر کو دیا گیا ہے۔ ان میں امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/35uj5
Schweden Stockholm Gewinner des Chemie Nobelpreises
تصویر: Reuters/TT News Agency/J. Ekstromer

رواں برس کیمسٹری کا نوبل انعام تین سائنسدانوں کے نام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں امریکی خاتون سائنسدان فرانسِس ایچ آرنلڈ اور جورج پی اسمتھ اور ایک برطانوی محقق گریگری پی ونٹر شامل ہیں۔ نوبل پرائز کے ساتھ دی جانے انعامی رقم کا نصف امریکی خاتون سائنسدان فرانسس ایچ آرنلڈ کو دیا جائے گا۔ ان تمام کو پروٹین کے شعبے میں بریک تھرو ریسرچ پر اس انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

باسٹھ سالہ فرانسس ہملٹن آرنلڈ نوبل انعام کی تاریخ کی پانچویں خاتون ہیں، جنہیں کیمیا کے شعبے میں یہ انعام حاصل ہوا ہے۔ ان میں پولش نژاد فرانسیسی سائنسدان میری کیوری بھی شامل ہیں جنہوں نے سن 1903 میں پہلے فزکس میں اور پھر سن 1911 میں کیمسٹری میں یہی انعام حاصل کیا۔

سن 1935 میں فرانسیسی خاتون کیمیا دان ایرین کیوری کو نوبل پرائز دیا گیا تھا۔ سائنسدان ایرین کیوری دو نوبل انعام حاصل کرنے والی میری کیوری کی بیٹی تھیں۔ سن 1964 میں برطانیہ کی سائنسدان ڈورتھی ہوجکِن کو نوبل انعام سے نوازا گیا۔ چوتھی خاتون اسرائیل کی کیمیا دان ادا یونات تھیں۔ اس کے نو برس بعد یعنی 2018ء میں امریکی خاتون کو کیمسٹری کے شعبے میں نوبل انعام ملا ہے۔

Marie Curie
میری کیوری کو مختلف برسوں میں فزکس اور کیمسٹری کے نوبل انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا تھاتصویر: Getty Images/Keystone

امریکی خاتون ریسرچر فرانسس ہملٹن آرنلڈ کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ برائے ٹیکنالوجی کے شعبے کیمیکل انجینیئرنگ اور بائیو انجینیئرنگ سے وابستہ ہیں۔ تیرہ برس قبل ان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد میں علاج سے وہ اس مرض سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔ وہ تین بیٹوں کی والدہ ہیں۔

رواں برس کے نوبل انعام کے اعلان کا سلسلہ پیر پہلی اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے۔ پہلا نوبل انعام میڈیسن کے شعبے میں ایک امریکی اور ایک جاپانی سائنسدان کو دیا گیا تھا۔ منگل کو فزکس کا نوبل پرائز تین سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔

 نوبل انعام برائے امن  کا اعلان رواں ہفتے کے اختتام پر کیا جائے گا۔ نوبل انعامات ہر سال دس دسمبر کو ایک خصوصی تقریب میں دیے جاتے ہیں۔نوبل انعام دینے کا سلسلہ سن 1901 سے شروع ہے۔