1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گائے کا گوشت، خواتین میں سٹروک کا باعث

2 جنوری 2011

محققین کا کہنا ہے کہ گائےکا گوشت کھانے والی خواتین میں ممکنہ طور پر سٹروک کے امکانات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تیس ہزار سے زائد سویڈش خواتین کی غذائی عدات کا مطالعہ کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/zsRA
تصویر: picture-alliance/ dpa

ریڈ میٹ ڈیلی میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق گائے کے گوشت کا زیادہ استعمال کرنے والی خواتین کی دماغ تک خون مہیا کرنے والی شریانوں کی بندش کا خدشہ زیادہ ہو جاتا ہے۔ اس تحقیق میں مصروف ٹیم کے مطابق تیس ہزار خواتین کا معائنہ کیا گیا اور معلوم ہوا کہ روزانہ 102 گرام یا تین اعشاریہ چھ اونس گوشت استعمال کرنے والی خواتین میں ایسی خواتین کے مقابلے میں، جو 25 گرام یا اس سے کم یومیہ کے حساب سے گوشت کا استعمال کرتی ہیں، سٹروک کے امکانات تقریبا 42 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔

Lebensmittel Proben im Kühlhaus
یہ تحقیق دس برس جاری رہی ہےتصویر: AP

محققین کے مطابق ریڈ میٹ کا زیادہ استعمال کرنے والی خواتین میں دیگر بیماریوں کے امکانات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں کینسر، دل کا دورہ اور ہائی بلڈ پریشر شامل ہیں۔ تاہم محققین کا خیال ہے کہ ابھی یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حوالے سے حتمی طور پر کوئی بات بعد ہی میں کہی جا سکے گی۔

یہ تحقیق سٹاک ہولم کے کیرولینسکا انسٹیٹیوٹ سے منسلک طبی ماہرین نے کی اور اس تحقیقی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر سوزانے لارسن تھیں۔ ڈاکٹر لارسن کے مطابق اس سلسلے میں 39 سے 73 برس کی عمر کی 34 ہزار چھ سو 70 خواتین کا معائنہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تحقیق کا آغاز سن 1997 میں کیا گیا تھا، جبکہ تحقیق کے آغاز میں ان خواتین میں سے کسی کو بھی عارضہ قلب یا کینسر کا مرض لاحق نہیں تھا۔ ڈاکٹر سوزانے کے مطابق اس عرصے میں 16 سو 80 خواتین کو سٹروک کا سامنا کرنا پڑا۔

Flash-Galerie Diätlügen - Fleisch
گائے کے گوشت کے باعث دیگر بیماریوں کے امکانات میں بھی اضافہ ہوتا ہےتصویر: AP

محققین کے مطابق گوشت کا زیادہ استعمال کرنے والی خواتین میں جس خاص طرح کے سٹروک کی نشاندہی ہوئی ہے، اس کی وجہ دماغ تک خون کی ترسیل کرنے والی شریانوں کی بندش کو قرار دیا جاتا ہے اور اسے طبی زبان میں cerebral infarction کہا جاتا ہے۔ سٹروک کی یہ خاص قسم سب سے زیادہ عام قرار دی جاتی ہے اور سٹروک کے واقعات میں سے 78 فیصد اسی وجہ سے منسلک ہوتے ہیں۔ دیگر مختلف سٹروک کی وجہ دماغ میں خون کا رساؤ اور مختلف دوسرے عوامل کو قرار دیا جاتا ہے۔

اس تحقیق میں محققین نے خواتین کو گائے کے گوشت کے استعمال کے لحاظ سے پانچ مختلف گروپس میں تقسیم کیا۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ ایسی خواتین، جو 86 گرام یا اس سے زائد مقدار میں گوشت کا استعمال کرتی ہیں، ان میں 36 اعشاریہ پانچ گرام گوشت کا استعمال کرنے والی خواتین کے مقابلے میں سٹروک کے 22 فیصد زائد واقعات سامنے آئے۔

رپورٹ عاطف توقیر / خبر رساں ادارے

ادارت ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں