1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گلّیورز ٹریول‘ کی ریلیز کرسمس کے روز

24 دسمبر 2010

ہدایتکار رَوب لیٹرمین کی طربیہ فلم ’گلّیورز ٹریول‘ کا انتظار اب ختم ہو رہا ہے اور یہ فلم پچیس دسمبر کو شمالی امریکی براعظم کے علاوہ کئی دیگر ملکوں میں بھی ایک ساتھ ریلیز کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/zpEK
جیک بلیک آسکر کی تقریب میںتصویر: AP

اٹھارہویں صدی کے مشہور آئرش مصنف اور پادری جوناتھن سوِفٹ کے شہرہء آفاق ناول ’گلّیورز ٹریولز‘ کو دنیا بھر کے بچے اور بڑے جانتے ہیں۔ تقریباً سبھی زبانوں میں اس کا ترجمہ ہو چکا ہے۔ اس ناول پر دنیا بھر کے ریڈیو اور ٹیلی وژن اپنے اپنے انداز میں ڈرامے اور ٹیلی پلے بھی نشر کر چکے ہیں۔ کئی فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں۔ اب نئی فلم کل ہفتہ کے روز کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

اس ناول کا پلاٹ یہ ہے کہ ایک بحری سفر کے دوران ایک جہاز تباہی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس کا ملبہ ایک ساحل تک پہنچتا ہے اور اس میں گلّیور بھی شامل ہے۔ اس ساحل پر ساری آبادی بونوں کی ہے۔ اب گلّیور کا ان بونوں کے ساتھ جو سامنا ہوتا ہے وہ ایک اہم اور دلچسپ حصہ ہے۔ نئی فلم میں گلّیور کا ٹرانسفر برمودا کر دیا جاتا ہے اور اس سفر کے دوران جہاز کی تباہی کے بعد وہ بونوں کی بستی میں پہنچ جاتا ہے۔ اس مزاحیہ اور طنزیہ حصے کو ہدایتکار رَوب لیٹرمین نے اپنی نئی فلم میں سمویا ہے۔

Schriftsteller Jonathan Swift, Kalenderblatt
جوناتھن سوِفٹ: ’گلّیورز ٹریول‘ کےمصنفتصویر: picture-alliance/dpa

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی اس نئی فلم کو لیٹرمین نے منفرد انداز میں سلولائیڈ پر منتقل کیا ہے۔ وہ کئی اور فلموں کے ہدایتکار بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی ایک اینیمیٹڈ فلم ’شارک ٹیل‘ کو بہترین اینیمیٹڈ فلم کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد بھی کیا گیا تھا۔ ایک لحاظ سے گلّیورز ٹریولز کی نئی فلم ان کی بڑی فلم قرار دی جا رہی ہے۔

اس فلم کے مرکزی کردار جیک بلیک اور ایملی بلنٹ نے ادا کئے ہیں۔ جیک بلیک امریکہ کے مشہور کامیڈین تصور کئے جاتے ہیں۔ وہ امریکہ کے طول و عرض میں اپنی سولو پرفارمنس کے حوالے سے خاصے مشہور ہیں۔ ان کی اہم فلموں میں ہائی فیڈیلیٹی، میلن گوز ٹو ڈنر اور سکول آف راک نمایاں ہیں۔ بلیک نے کئی کارٹون فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

فلم کی ہیروئن ایملی بلنٹ کو ایک ہونہار اداکارہ قرار دیا جاتا ہے۔ ان کی سن 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مائی سمر آف لو‘ پر ناقدین نے ان کی بہت تعریف کی تھی۔ ان کی دوسری اہم فلموں میں چارلی ولسنز وار، ینگ وکٹوریہ اور دی وولف مین نمایاں ہیں۔ سن 2007 میں ایملی بلنٹ کو ایک ٹیلی فلم گِیڈیئنز ڈاٹر (Gideon's Daughter) پر گولڈن گلوب ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

نئی گلّیورز ٹریول ایک تھری ڈی فلم ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ اس میں بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کی دلچسپی کا عنصر بھی موجود ہے۔ رواں سال کے اختتام تک اس فلم کے سپر ہٹ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اس فلم کی کامیابی سے رَوب لیٹرمین اور جیک بلیک کو فلمی صنعت میں ایک نیا مقام حاصل ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں