1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گولڈن پاسپورٹس‘: یورپی یونین کی عدالتی کارروائی کی دھمکی

6 اپریل 2022

یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن نے رکن ملک مالٹا کو اس کے متنازعہ ’گولڈن پاسپورٹ‘ پروگرام کے باعث باقاعدہ تنبیہ کر دی ہے۔ کمیشن کے مطابق اگر یہ اسکیم ختم نہ کی گئی، تو یونین مالٹا کے خلاف عدالتی کارروائی کرے گی۔

https://p.dw.com/p/49Y5t
Reisepass Malta
تصویر: Fotolia/keki

برسلز میں یوری یونین کے صدر دفاتر سے بدھ چھ اپریل کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق یورپی کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ''ایک رکن ملک کے طور پر مالٹا کی غیر ملکیوں کو اپنی شہریت دینے کی یہ اسکیم یونین کی شہریت کی اس حیثیت کے منافی ہے، جس کا تعین یورپی یونین کے معاہدوں میں کیا گیا ہے۔‘‘

دو ماہ کی مہلت

یورپی یونین کی رکن جزیرہ ریاست مالٹا نے اپنے ہاں بہت امیر غیر ملکیوں کے لیے مقامی شہریت کی ایک ایسی اسکیم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت ایسے غیر ملکی ترجیحی بنیادوں پر مالٹا کی اور یوں یورپی یونین کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس طرح حاصل کیے گئے یونین کے رکن کسی بھی ملک کے پاسپورٹوں کو 'گولڈن پاسپورٹس‘ کہا جاتا ہے اور برسلز میں یورپی کمیشن کی قیادت کو انہی پر اعتراض ہے۔

یورپی یونین 'گولڈن پاسپورٹس' پر پابندی عائد کر سکتی ہے

برسلز نے اب والیٹا کو دو ماہ کی مدت دی ہے، جس کے اندر اندر مالٹا کی حکومت کو اس بارے میں اپنا جواب دینا ہو گا۔ دوسری صورت میں یورپی کمیشن یہ معاملہ یورپی عدالت انصاف میں لے جائے گا۔

ایسی اسکیمیں کئی ممالک نے شروع کیں

یورپی یونین کے 'گولڈن پاسپورٹس‘ کے حصول کو ممکن بنانے والی ایسی اسکیمیں مالٹا کے علاوہ جزیرہ ریاست قبرص اور مشرقی یورپی ملک بلغاریہ نے بھی شروع کی تھیں۔ ایسے متنازعہ سٹیزن شپ پروگراموں کے ذریعے بہت سے انتہائی امیر روسی اور چینی باشندے میزبان ملکوں میں خاص طرح کی سرمایہ کاری کر کے یا املاک خرید کر ان ممالک اور یوں یورپی یونین کے شہری بن گئے تھے۔

Zypern Pass - Cyprus Passport
بہت امیر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے اپنے ہاں مقامی شہریت کے حصول کی ایسی اسکیمیں قبرص اور بلغاریہ نے بھی شروع کی تھیںتصویر: cc by Government of Cyprus

قبرص نے برسلز کی طرف سے شدید اعتراض کے بعد اپنی ایسی اسکیم گزشتہ برس اکتوبر میں روک دی تھی۔ بلغاریہ کی پارلیمان نے بھی چوبیس مارچ کو ایک ایسا نیا قانون منظور کر لیا تھا، جس کے تحت 'گولڈن پاسپورٹس‘ اسکیم کو ختم کر دیا جائے گا۔

گولڈن پاسپورٹ والا ملک: یورپ کے ویزا فری سفر کی سہولت معطل

مالٹا نے روس اور یوکرین کی جنگ کے پیش نظر روس اور روسی حکمرانوں کے قریبی ارب پتی افراد کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کے باعث اپنی 'گولڈن پاسپورٹ‘ اسکیم سے گزشتہ ماہ روس اور بیلاروس کے شہریوں کو نکال دیا تھا۔

سرمایہ کاروں کے لیے یورپی شہریت

یورپی کمیشن کا بنیادی کام یہ ہے کہ وہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اس تناظر میں ابھی گزشتہ ہفتے ہی کمیشن نے یہ باقاعدہ سفارش بھی کر دی تھی کہ جن رکن ریاستوں میں ابھی تک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مقامی شہری حقوق کے حصول کی اسکیمیں جاری ہیں، وہ ایسے پروگرام فوری طور پر ختم کر دیں۔

یورپی یونین کے پاسپورٹوں کا کاروبار ’ایک خطرناک پیش رفت‘

یورپی کمیشن نے مالٹا کو اب جو تنبیہ کی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ والیٹا میں  ملکی حکومت نے روس اور بیلاروس کے شہریوں کے لیے تو اس اسکیم کو معطل کر دیا ہے، مگر دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے یہ اسکیم ابھی تک جاری ہے اور مالٹا کی حکومت نے اب تک اسے ختم کرنے کا کوئی ارادہ بھی ظاہر نہیں کیا۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)