1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرستوں کی علمبردار فلس لیوں چل بسیں

10 اپریل 2020

امریکی ریاست کلیفورنیا میں شادی کرنےوالے سب سے پہلے ہم جنس پرستوں میں فلس لیوں اور اور ان کی مرحوم اہلیہ بھی شامل تھیں۔ تقریبا پچاس برس تک ہم جنس پرستوں کے لیے مہم چلانے والی فلس لیوں کا 95 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔

https://p.dw.com/p/3ajpT
USA San Francisco 2008 | Del Martin & Phyllis Lyon, LGBT-Aktivistinnen
تصویر: Getty Images/AFP/R. Anson

ہم جنس پرستوں کی علمبردار فلس لیوں چل بسیں

 امریکا میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کی علمبردار فلس لیوں کا جمعرات 9 اپریل کو سان فرانسسکو میں انتقال ہوگیا۔

فلس لیوں اور ان کی مرحوم اہلیہ امریکی ریاست کیلفورنیا میں ہم جنس شادی کرنیوالے اولین ہم جنس پرستوں میں شامل تھیں۔ تقریبا پچاس برس تک ہم جنس پرستوں کے لیے مہم چلانے والی فلس لیوں کا 95 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔

 امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جب 2008 میں ہم جنس پرستی کو تسلیم کیا گیا اور ایسے افراد کو قانونی طور پر شادی کرنے کی اجازت ملی، تو جن ہم جنس پرست جوڑوں نے سب سے پہلے شادی کی تھی ان میں فلس لیوں اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔ لیوں پیشے کے اعتبار سے صحافی اور ایک کارکن تھیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ ڈیل مارٹن کے ساتھ مل کر ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے تقریبا پچاس برس تک جد و جہد کی۔

ساٹھ اور ستّر کے عشرے میں، ایک ایسے وقت جب امریکی سماج میں ہم جنس پرستی کو گناہ کبیرہ اور بد نما داغ کے طور پر دیکھا جاتا تھا، انہوں نے ہم جنس پرست خواتین کے حقوق کے لیے ایک سماجی تنظیم کی بنیاد ڈالی اور ایسے افراد کے حقوق کے لیے ایک مخصوص ماہانہ جریدہ نکالا۔

'نیشنل سینٹر فار لیسبیئن رائٹس' کی سابق ڈائریکٹر اور فلس لیوں کی دوست کیٹ کینڈل نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا، ''موبائل فون کے آنے سے قبل، وہ فون درج کرنے کی ایک ڈائری رکھتی تھیں تاکہ اگر ہم جنس پرست برادری کی طرف سے کسی نوجوان یا پھر خوفزدہ شخص کو کبھی کوئی مدد کی ضرورت پڑے، تو وہ اس کے کام آسکیں۔'' 

Erste Homosexuelle Ehe in San Francisco geschlossen
تصویر: AP

  امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی کا تعلق سان فرانسسکو سے ہے۔ انہوں نے فلس لیوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا، ''اپنی پیاری فلس کے لیے جہاں ہم ماتم کناں ہیں، وہیں یہ جان کر ہمیں سکون بھی ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ ڈیل ایک بار پھر سے ساتھ میں ہیں۔''

امریکی ریاست کیلفورنیا میں ہم جنس پرست جوڑوں کی شادیوں کو سن 2008 میں قانونی طور پر تسلیم کیا گیا، لیکن سان فرانسسکو شہر نے  2004 میں ہی ہم جنس پرست جوڑوں کی شادیوں کو تسلیم کرکے انہیں سرٹیفیکٹ دینے کا آغاز کر دیا تھا۔

کیلیفورنیا کے موجودہ گورنرگیون نیوسم اس وقت سان فرانسسکو کے میئر ہوا کرتے تھے اور انہوں نے بطور میئر 2004 میں ہی پہلی بار فلس

 لیوں اور مارٹن ڈیل کے درمیان رشتے کی بنیاد پر شادی کا سرٹیفکٹ جاری کر دیا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹرپر ان کے لیے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے ان کی شادی کروائی اور ان دونوں کے ہمت و حوصلے نے تاریخ بدل کر رکھ دی۔ ''فلس اور ڈیل محبت اور لگن کا مظہر تھے۔ اس کے باوجود تقریبا پچاس برس تک انہیں ’ایجاب و قبول‘  جیسے دو اہم الفاظ کہنے سے باز رکھا گیا۔''

2008 میں جب کیلیفورینا کی حکومت نے ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو تسلیم کرنا شروع کر دیا تو فلس لیوں اور مارٹن ڈیل نے دوبارہ شادی کی تاہم اس کے کچھ دن بعد ہی ڈیل کا انتقال ہوگیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق لیوں کی موت فطری طور پر ہوئی۔ ان کے اہل خانہ اور دوست و احباب نے ان کی زندگی کی کامیابیوں کے یاد کرنے کے لیے ایک جشن کے اہتمام کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ص ز/ ج ا  (اے پی ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں