یروشلم: ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ میں ووٹنگ آج
18 دسمبر 2017نیو یارک سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا کہ مصر کی طرف سے اس مسودہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کو امریکی صدر کے اس فیصلے کو مسترد کر دینا چاہیے، جس کے تحت انہوں نے یروشلم کو اپنا دارالحکومت قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے کو باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
فلسطین کے لیے ترک سفارت خانہ جلد ہی، لیکن ’یروشلم میں‘
فلسطینی علاقوں میں اسرائیل مخالف مظاہرے، چار افراد ہلاک
اس کی وجہ یہ ہے کہ اسرائیل پورے یروشلم شہر کو اپنا اٹوٹ حصہ قرار دیتا ہے لیکن عالمی برادری مشرقی یروشلم کے اس عرب حصے کو ابھی تک اسرائیل کا حصہ تسلیم نہیں کرتی، جس پر اسرائیل نے 1967ء کی عرب اسرائیلی جنگ کے دوران قبضہ کر لیا تھا۔ اس طرح بین الاقوامی قانون کے مطابق بھی مشرقی یروشلم کی حیثیت ابھی تک مقبوضہ فلسطینی علاقے کی ہے۔
عالمی سلامتی کونسل میں مصری مندوب کی طرف سے یہ مسودہ قرارداد کل اتوار سترہ دسمبر کو پیش کیا گیا تھا اور غالب امکان یہی ہے کہ یہ قرارداد اس لیے منظو نہیں ہو سکے گی کہ خود امریکا ہی، جو سلامتی کونسل کا ایک مستقل رکن ملک ہے، اسے ویٹو کر دے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ اس لیے بھی متنازعہ ہے کہ یہ اقدام اس بین الاقوامی اتفاق رائے کی بھی خلاف ورزی بھی، جس کے تحت یروشلم کا پورا شہر اسرائیل کا حصہ نہیں ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اسی مہینے یہ اعلان کر دیا تھا کہ ان کی انتظامیہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتی ہے اور اسی لیے امریکا اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ بھی آئندہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دے گا۔ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد کئی مسلم اکثریتی ممالک میں وسیع تر عوامی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
’مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں‘
یروشلم: یورپی یونین اسرائیل کا ساتھ نہیں دے گی
پھر استنبول میں ہونے والے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے ایک غیر معمولی سربراہی اجلاس میں بھی گزشتہ ہفتے شرکاء نے عالمی برادری سے یہ اپیل کی تھی کہ وہ مشرقی یروشلم کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرے۔ اسی بارے میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے تو کل اتوار کے روز یہ بھی کہہ دیا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ فلسطین میں ترکی کا سفارت خانہ جلد ہی مشرقی یروشلم ہی میں کھولا جائے گا۔
مشرق وسطیٰ کے تنازعے میں یروشلم شہر کی حتمی حیثیت کا معاملہ انتہائی متنازعہ امور میں سے ایک ہے اور خود مختار فلسطینی انتظامیہ برسوں سے زور دے کر کہتی آئی ہے کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہی ہو گا۔
یروشلم کے معاملے پر ایردوآن اور پوٹن کی گفتگو
بیروت میں امریکی سفارت خانے کے باہر پرتشدد مظاہرے
عالمی سلامتی کونسل میں پیر کے روز جس مسودے پر رائے شماری ہو گی، اس کی نیوز ایجنسی اے ایف پی کو ملنے والی ایک کاپی کے مطابق اس دستاویز میں یروشلم کے بارے میں کیے جانے والے حالیہ فیصلوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دے کر یہ بھی کہا گیا ہے کہ یروشلم شہر کی حیثیت ایک ایسا مسئلہ ہے، جسے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔