یورپ میں صحت کی سہولیات کی غیر مساوی فراہمی
19 مئی 2015ایک غیر سرکاری فرانسیسی طبّی خیراتی ادارے ’ میڈیسین ڈو مون‘ (ایم ڈی ایم) نے تمام یورپی باشندوں کو صحت کی یکساں سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ یورپ میں صحت کی سہولیات تک رسائی سے متعلق اپنے سالانہ سروے میں اس ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تمام حاملہ خواتین کو اسقاط حمل کے دوران، بچے کی پیدائش سے پہلے اور اس کے بعد کی تمام تر ضروری طبّی سہولیات میسر ہونی چاہییں۔ ایم ڈی ایم ادارہ سماجی طور پر کمزور شہریوں کو ہیلتھ کیئر یا صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور ایسے افراد جن کے لیے صحت کی سہولیات کے رستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، کے ساتھ ہونے والی نا انصافی پر کڑی نظر رکھتا ہے۔
لندن میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کا عنوان ہے،"صحت کے متعدد مسائل کے شکار افراد: بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی کی راہ میں رکاوٹ"۔ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "یورپ بھر میں اقتصادی بحران اور بچتی اقدامات کے نتیجے میں بہت سے پورپی ممالک میں مجموعی طور پر ضروری طبّی سہولیات کی شدید کمی پیدا ہو گئی ہے۔ ان معاشروں میں غریب ترین طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صحت کی سہولیات سے محروم ان باشندوں میں اکثر تارکین وطن ہوتے ہیں۔
فرانسیسی ادارے ایم ڈی ایم نے گزشتہ برس بیلجیم، برطانیہ، فرانس، جرمنی، یونان، ہالینڈ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے بائیس ہزار ایک سو اکہتر مریضوں کے ساتھ روبرو صلاح و مشورہ کیا۔ ان میں سے تین چوتھائی کا تعلق یورپی یونین کے باہر کے ممالک سے تھا۔ ایم ڈی ایم کے مطابق "ان مریضوں کے ساتھ براہ راست بات چیت پر مبنی یہ رپورٹ ’انسانی حقوق کا گہوارہ‘ سمجھے جانے والے خطے، یورپ کی ایک خوفناک تصویر پیش کرتی ہے"۔
اس ادارے کا کہنا ہے کہ یورپ بھر میں جتنے انسانوں کو اس نے اپنے اس سروے کے سلسلے میں دیکھا ان میں سے تریسٹھ فیصد کو صحت کی مکمل سہولیات میسر نہیں ہیں۔
اُدھر حاملہ خواتین کے نصف حصے کو حمل اور بچے کی پیدائش تک کے درمیانی حصے میں خواتین کو درکار ضروری طبّی سہولیات میسر نہیں تھیں اور اس کے سبب انہوں نے غیر سرکاری طبّی ادارے ایم ڈی ایم کا رُخ کیا۔ اس ادارے نے یورپی یونین کے ممبر ممالک اور یورپی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک کے تمام شہریوں کے لیے مساوات، انصاف اور یکجہتی کی بنیاد پر طبّی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ،"یورپ میں بسنے والے تمام بچوں کے لیے نگہداشتِ اطفال اور امیونائزیشن اسکیم تک فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ تمام حاملہ خواتین کو اسقاط حمل، دوران حمل، بچے کی پیدائش سے قبل اور اس کے بعد کی تمام ضروری طبّی امداد میسر ہونی چاہے، نیز انہیں بچے جننے کے محفوظ عمل کی تمام سہولیت فراہم کی جائیں"۔
اس فرانسیسی ادارے نے طبّی شعبے کے کارکنوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام مریضوں کو اُن کے سماجی طبقے اور انتظامی حیثیت اور موجودہ قانونی رکاوٹوں سے بالا تر ہو کر علاج اور سہولیات فراہم کریں۔