1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
موسیقییورپ

یورپی گیتوں کا مقابلہ یورو وژن، امسالہ فاتح سوئس فنکار نیمو

12 مئی 2024

یورپی گیتوں کے یورو وژن کہلانے والے امسالہ مقابلے کا سویڈن کے شہر مالمو میں منعقدہ فائنل کل رات گئے سوئٹزرلینڈ کے گلوکار نیمو نے جیتا لیا۔ اس سال اس فائنل پر غزہ کی جنگ کے سائے چھائے رہے اور سیاسی احتجاج بھی کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4fl0R
سوئس گلوکار نیمو نے مالمو میں امسالہ یورو وژن مقابلے کا فائنل اپنا گیت ’دی کوڈ‘ گا کر جیتا
سوئس گلوکار نیمو نے مالمو میں امسالہ یورو وژن مقابلے کا فائنل اپنا گیت ’دی کوڈ‘ گا کر جیتاتصویر: Jessica Gow/TT News Agency via AP/picture alliance

نیمو سوئٹزرلینڈ کے ایک معروف ریپر اور گلوکار ہیں، جنہوں نے 2024ء کے یورو وژن سونگ کنٹیسٹ یا ESC میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع ریاست سوئٹزرلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 'دی کوڈ‘ نامی وہ گیت گایا، جو رَیپ اور روک میوزک کا امتزاج لیے ہوئے تھا اور جو ایک نان بائنری یا غیر مختص صنف والے فرد کے طور پر نیمو کے اپنی ذات کی تلاش کے سفر کا عکاس تھا۔

سویڈن کے تیسرے سب سے بڑے شہر مالمو میں امسالہ یورو وژن کے فائنل کی لائیو تقریب ہفتے کی رات نصف شب کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی اور اس میں کروشیائی گلوکار بےبی لاسانیا، جن کا اصلی نام مارکو پیوریسچ ہے، اپنے گیت ''رِم ٹِم ٹاگی ڈِم‘‘ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

یوکرین سے تعلق رکھنے والے کلوکاروں کی جوڑی، جو آلیونا آلیونا اور جیری ہائل پر مشتمل تھی، اپنے گیت ''ٹیریسا اور ماریا‘‘ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

یورو وژن فائنل میں اسرائیلی شرکت کے خلاف کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے
یورو وژن فائنل میں اسرائیلی شرکت کے خلاف کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئےتصویر: Martin Meissner/AP/picture alliance

فائنل مقابلے میں شریک پچیس ممالک

یورو وژن 2024ء کے فائنل میں مجموعی طور پر 25 ممالک کے فنکاروں نے حصہ لیا۔ ان میں جرمنی بھی شامل تھا، جس کی نمائندگی کرنے والے فنکار آئزک اپنے گیت ''آلویز اون دا رن‘‘ کے ساتھ مجموعی طور پر 12 ویں نمبر پر رہے۔

یورو وژن گیت مقابلے کے موضوعات: بھیڑیے، چڑیلیں اور یوکرینی ہپ ہاپ

اس مقابلے کے حتمی فاتح کا انتخاب اسے یورپ اور دنیا بھر میں ٹی وی پر لائیو دیکھنے والے کروڑوں شائقین کی طرف سے دیے گئے ووٹوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ پھر ان ووٹوں میں اس مقابلے میں شریک 37 ممالک میں سے ہر ملک میں موسیقی کے ماہرین پر مشتمل جیوری کی طرف سے دیے جانے والے ووٹوں میں جمع کیا جاتا ہے اور یوں طے ہوجا تا ہے کہ سب سے زیادہ ووٹ کس گیت اور گلوکار کو ملے۔

مقابلے کا میزبان ملک سویڈن

یورپ میں گیتوں کے مقابلے یورو وژن کی تاریخ تقریباﹰ 70 سال پرانی ہے۔ یہ مقابلہ یوں تو ہر مرتبہ ہی کئی طرح کی سرخیوں کی وجہ بنتا ہے، تاہم اس سال یہ کئی حوالوں سے متنوع اور منفی سرخیوں کا موضوع بھی بنا۔

فائنل میں حصہ لینے والی اسرائیلی گلوکارہ ایڈن گولان
فائنل میں حصہ لینے والی اسرائیلی گلوکارہ ایڈن گولانتصویر: Martin Meissner/AP Photo/picture alliance

اس مقابلے کی نسبت سے گزشتہ ہفتے سویڈن اور کئی دیگر ممالک میں ایسے احتجاجی مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے تھے، جن کا تعلق اس بات سے تھا کہ اس یورپی مقابلے میں شرکت کرنے والے ممالک میں سے اسرائیل واحد غیر یورپی ملک ہے۔

اس احتجاج کی وجہ غزہ پٹی کے محاصرہ شدیہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل اور حماس کی جنگ بنی جو پچھلے سات ماہ سے بھی زائد عرصے سے جاری ہے۔

یورو وژن بچوں کے لیے نامناسب ہے، ترک حکام

کل رات اس مقابلے کا فائنل شروع ہونے سے کئی گھنٹے پہلے یورو وژن کے منتظمین کے ساتھ ساتھ مالمو کی پولیس کی طرف سے بھی بتایا گیا تھا کہ کل دن کے وقت ہزاروں مظاہرین نے مالمو کی سڑکوں پر مارچ کیا۔

یہ مظاہرین فلسطینی نواز تھے اور اسرائیل کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے تھے کہ غزہ کی جنگ میں ہزارہا فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کی وجہ سے اس فائنل میں اسرائیلی گلوکارہ ایڈن گولان کی شرکت روکی جائے۔

آئرلینڈ کی بامبی ٹھگ نامی گلوکارہ گلے میں وہ فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھیں، جسے فلسطینی نواز جذبات کا عکاس سمجھا جاتا ہے
آئرلینڈ کی بامبی ٹھگ نامی گلوکارہ گلے میں وہ فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھیں، جسے فلسطینی نواز جذبات کا عکاس سمجھا جاتا ہےتصویر: Jessica Gow/TT/picture alliance

یورپی براڈکاسٹنگ یونین کا موقف

گیتوں کے یورو وژن مقابلے کے منتظمین کو یورپی براڈکاسٹنگ یونین (ای بی یو) کا تعاون حاصل ہوتا ہے، جو مختلف یورپی ممالک کے پبلک براڈکاسٹر اداروں کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔

امسالہ مقابلے میں احتجاجی مظاہروں اور دیگر ناخوشگوار واقعات کے حوالے دیتے ہوئے بعد ازاں ای بی یو کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا، ''یورپی براڈکاسٹنگ یونین ان تمام شدید جذبات اور آراء کو تسلیم کرتی ہے، جن کا اظہار مشرق وسطیٰ میں جاری ایک خوفناک جنگ کے پس منظر میں اس سال یورو وژن مقابلے کے حوالے سے کیا گیا۔‘‘

یورو وژن: یوکرائنی گلوکارہ نے روایتی حریف روس سے فتح چھین لی

جہاں تک اس فائنل میں اسرائیلی گلوکارہ ایڈن گولان کی شرکت کا تعلق ہے، تو منتظمین نے انہیں خصوصی حفاظتی انتظامات کے تحت فائنل میں اپنے فن کے مظاہرے کی اجازت دی۔

ایڈن  گولان نے فائنل میں اپنا گیت بھی گایا اور انہیں کافی زیادہ ووٹ بھی ملے، تاہم وہ پہلی تین پوزیشنوں میں سے کوئی پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

ڈچ فنکار ژوسٹ کلائن (درمیان میں) کی دوسرے سیمی فائمنل کے موقع پر لی گئی ایک تصویر، انہیں پاببندی لگا کر فائنل سے نکال دیا گیا تھا
ڈچ فنکار ژوسٹ کلائن (درمیان میں) کی دوسرے سیمی فائمنل کے موقع پر لی گئی ایک تصویر، انہیں پاببندی لگا کر فائنل سے نکال دیا گیا تھاتصویر: Martin Meissner/AP Photo/picture alliance

یورو وژن 2024ء کے فائنل کی چند دیگر منفی باتیں یہ بھی رہیں کہ ان میں شرکت کرنے والے ناروے کے نمائندے نے اپنی شرکت واپس لینے کا فیصلہ کر لیا، آئرلینڈ کی طرف سے کوالیفائی کرنے کے باوجود اس میں حصہ ہی نہ لیا گیا، فن لینڈ کے شائقین نے ایک پروڈکشن اسٹوڈیو پر دھاوا بول دیا اور نیدرلینڈز کے فنکار ژوسٹ کلائن پر پابندی لگاتے ہوئے منتظمین نے انہیں اس مقابلے سے ہی خارج کر دیا۔

م م / ا ا (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے)