یونانی مالیاتی بحران کے تناظر میں عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی
19 ستمبر 2011یونان کی اقتصادیات پر منڈلاتے دیوالیہ پن کے سیاہ بادلوں کے تناظر میں یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں ایک فیصد کی واضح کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی کرنسی ڈالر کی قدر میں قدرے بہتری دیکھی گئی۔ امریکی مالی منڈیوں میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مندی کی لپیٹ میں آج پہلے ایشیائی مالی منڈیاں آئیں اور پھر یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی حصص کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔
عالمی مالی منڈیوں میں عدم استحکام کی کیفیت اور مندی کی لہر نے کاروباری حلقوں کو شدید متاثر کیا۔ یہ نقصان بھی اربوں تک پہنچ سکتا ہے۔ مبصرین کے خیال میں یونانی اقتصادیات اب بھی بیل آؤٹ پیکج کی پہلی قسط کی وصولی کے بعد اور پاپاندریو حکومت کے مالیاتی اصلاحاتی عمل سے بھی بہتر نہیں ہو پائی ہے۔ اس پر اب بھی سست روی چھائی ہے۔ اقتصادی ترقی کے پہیے کی رفتار خاصی سست ہونے کی وجہ سے یونانی اقتصادیات اگلے ہفتوں کے دوران جمود کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔ یورپی مرکزی بینک کا ستر ارب یورو کا خصوصی پلان بھی یورو زون کے مالیاتی بحران کو اسپین اور اٹلی تک پھیلنے سے روک نہیں سکا ہے۔
گزشتہ ہفتے پولینڈ میں منعقدہ یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں یونانی معیشت کے لیے کوئی بڑا فیصلہ سامنے نہیں آیا تھا۔ اس میٹنگ میں امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر بھی خاص طور سے شریک ہوئے اور انہوں نے یونان کے لیے 440 ارب یورو کے ایک اور مالیاتی پیکج کو تجویز کیا ہے۔ اب یورپی وزرائے مالیات اکتوبر میں اپنی شیڈیول میٹنگ کے دوران مزید بات چیت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ یونان یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے پہلے سے منظور شدہ بیل آؤٹ پیکج میں سے ایک اور آٹھ ارب ڈالر کی قسط کی تلاش میں ہے۔
یونان کے وزیر اعظم جورج پاپاندریو نے اپنے ملک کے مالی بحران کے تناظر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ دوسری جانب یونانی وزیر اعظم اپنی وزراء کی ہنگامی میٹنگ میں مزید کٹوتیوں کے معاملے کو زیر بحث لائے۔ اس کے علاوہ ایتھنز حکومت عالمی لیڈروں کو قائل کرنے کی کوشش میں بھی ہے کہ اس کے ملک کی اقتصادیات اگلے مہینوں میں سنبھل سکتی ہے اور دیوالیہ پن کے خطرے کو ٹالا جا سکتا ہے۔
پیر کے روز کی مندی کے حوالے سے مالیاتی اور اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ میں ایک بحران کے بعد دوسرا سامنے آ رہا ہے اور یہ مالیاتی معاملے مختلف یورپی ملکوں کی سیاست کے ساتھ جڑے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یورپی سیاستدان اس صورت حال میں کوئی بڑا فیصلہ کرنے یا پہل کرنے سے بھی تامل کر رہی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق