1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یٰسین السوری: گرفتاری کی اطلاع کا انعام ایک کروڑ ڈالر

23 دسمبر 2011

جمعرات کے روز امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے مبینہ فنانسر یاسین السُوری کے بارے میں مصدقہ اطلاع دینے پر دس ملین امریکی ڈالر کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Y1x
تصویر: AP

خیال کیا جاتا ہے کہ القاعدہ تنظیم کی مالی سرپرستی میں شامی نژاد یاسین السُوری پیش پیش ہے اور یہ مبینہ فنانسر ایران کے اندر مقیم رہتے ہوئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاسین السُوری کا اصل نام عزالدین عبدالعزیزخلیل ہے۔ اس انعام کا اعلان امریکی وزارت خارجہ کے خطرات کی تفتیش کرنے والے شعبے کے نائب ڈائریکٹر رابرٹ ہارٹنگ نے کیا۔

امریکی حکام کے مطابق عزالدین عبدالعزیز خلیل عرف عام میں یاسین السُوری کے نام سے مشہور اور پکارا جاتا ہے۔ یہ شخص سن 1982 میں عرب ملک شام میں پیدا ہوا تھا۔ بعض اطلاعات کے مطابق اس کا اصل نام یاسین السُوری ہے اور وہ عام و خاص حلقوں میں عزالدین عبدالعزیز خلیل کے نام سے جانا و پہچانا جاتا ہے۔ یہ طے ہے کہ یہ دونوں نام ایک ہی شخص کے ہیں۔ امریکی وزارت خزانہ نے القاعدہ کے اس مبینہ مالی سرپرست کو اسی سال جولائی میں بلیک لسٹ قرار دیا تھا۔

Flash Galerie Ayman al-Zawahiri
ایمن الظواہری کی گرفتاری پر پچیس ملین امریکی ڈالر کا انعام مقرر ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی سکیورٹی حکام کا خیال ہے کہ یاسین السُوری دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا ایک سینئر اہلکار ہے جو اس وقت ایران میں ہے اور وہاں سے وہ مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں کی مالی معاونت کے لیے رقوم کا بندوبست کرتا ہے۔ وہ سن 2005 سے ایران میں ٹھکانہ بنائے ہوئے ہے۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ السُوری خلیج فارس کی کئی ریاستوں میں اپنے ہمدردوں سے عطیات اور فنڈ اکھٹے کرنے کے مربوط پروگرام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ مبینہ فنانسر مشرق وسطیٰ کے مختلف علاقوں میں جہادیوں کی بھرتی کے پلان پر بھی عمل پیرا ہے۔

یاسین السُوری کی مختلف کارروائیوں کی مناسبت سے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا خیال ہے کہ وہ ایران میں اپنی موجودگی اور ایرانی حکومت سے تعلقات کی بنیاد پر ایران کی مختلف جیلوں میں مقید القاعدہ کے مشتبہ اراکین کی رہائی کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان افراد کو ایرانی جیلوں سے رہائی دلوانے کے بعد ان کو پاکستانی قبائلی علاقوں تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو یقین ہے کہ اس ترسیل کے عمل کو بھی السُوری پلان کرتا ہے۔

یاسین السُوری کی گرفتاری کے لیے انعام سن 1980میں امریکہ مخالف دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لیے قائم کردہ پروگرام انعام برائے انصاف (Rewards for Justice) کے تحت اعلان کیا گیا ہے۔ اس وقت القاعدہ کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری کی گرفتاری کی اطلاع پر سب سے زیادہ انعام مقرر ہے جو 25 ملین امریکی ڈالر ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں