1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن میں ووصنیاکی اور شاراپووا کی جیت

17 جنوری 2011

دنیائے ٹینس میں سال کا پہلا معتبر ٹورنامنٹ آسٹریلوی شہر میلبورن میں شروع ہو گیا ہے۔ ابتدائی میچوں میں کوئی بڑا اپ سیٹ نہیں ہوا جبکہ عالمی نمبر ایک ووصنیاکی سمیت کئی کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zyVz
ماریا شاراپووا: فائل فوٹوتصویر: AP

میلبورن کے وسیع ٹینس کمپلیکس میں پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ ہارڈ کورٹ ٹورنامنٹ ہے۔ 17 جنوری کو ڈیڑھ درجن سے زائد ٹینس کورٹس پر ایک ساتھ کئی میچ شیڈیول تھے۔ اب اس کا آخری میچ مردوں کا سنگلز فائنل 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ پہلے روز ابتدائی میچوں میں روس کی سابقہ عالمی نمبر ایک ماریا شارا پووا نے تھائی لینڈ کی خاتون کھلاڑی کو بڑی آسانی سے ہرا دیا۔ گزشتہ سال آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں ایک دوسری روسی کھلاڑی ماریا کیریلینکو نے شاراپووا کو ہرا دیا تھا۔

شاراپووا کے علاوہ اپنے اپنے میچ جیتنے والوں میں رومانیہ کی مونیکا نیکُو لیسکو، اٹلی کی البیرٹا بری اینٹی، جرمنی کی ژولیا گؤرگیز اور روس کی ایوگنیا روڈینا شامل ہیں۔ فرنچ اوپن جیتنے والی فرانسیسکا شییاوونے بھی دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُولکووا بھی اگلے راؤنڈ میں داخل ہوگئی ہیں۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سب سے پہلا میچ جیتنے والے یوکرائن کے سرگئی سٹاخووسکی ہیں۔ انہوں نے جرمن کھلاڑی ڈانیئل برانڈز کو انتہائی آسانی کے ساتھ شکست دی۔ ان کے علاوہ پہلے راؤنڈ کا میچ جیتنے والوں میں ہالینڈ کے رابن ہازے بھی شامل ہیں۔ فرانس کے گیل مونفل بھی اپنا پہلا میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئے ہیں۔

Caroline Wozniacki Tennis Dänemark U.S. Open Flash-Galerie
کیرولین ووصنیاکی: فائل فوٹوتصویر: AP

بیس سالہ خواتین کی عالمی نمبر ایک کیرولین ووصنیاکی نے آسٹریلین اوپن کی شروعات سے قبل اپنے عالمی نمبر ایک ہونے کا دفاع کیا ہے۔ ٹینس کی تاریخ میں وہ تیسری خاتون عالمی نمبر ایک کھلاڑی ہیں جو بغیر کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابی کے عالمی نمبر ایک کے مقام پر پہنچی ہیں۔ ان سے پہلے روس کی دینارا سافینا اور سربیا کی ژالینا ژانکووچ ہیں۔ ووصنیاکی نے آسٹریلین اوپن میں مرکزی راڈ لیور کورٹ پر اپنا پہلا میچ ارجنٹائن کی جیزلا ڈُولکو کے ساتھ کھیلا۔ توقع کے برعکس ارجنٹائن کی خاتون کھلاڑی ووصنیاکی کے لئے کوئی مشکل حریف ثابت نہ ہو سکیں۔

Die schwierige Seite von Sport Tennis Frustration
فرانسیسکا شییاوونے: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa

مردوں میں رافیل ندال کو ایک مرتبہ پھر پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر کی مزاحمت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ فیڈرر نے گزشتہ کچھ عرصے سے کھیل پر زیادہ توجہ دی ہے۔ اب اس کا اندازہ میلبورن میں ہو گا کہ انہوں نے اپنے روبہ زوال کھیل کو کتنا بہتر کیا ہے۔ رافیل اگر آسٹریلین اوپن جیت گئے تو چاروں گرینڈ سلیم کے چیمپیئن بن جائیں گے۔ اس سے پہلے وہ سن 2009ء میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ ارجنٹائن کے سنسنی پھیلانے والے نوجوان ٹینس اسٹار ڈیل پوٹرو بھی کلائی کی انجری سے صحت یاب ہو کر کئی ماہ بعد ٹینس کورٹ میں ایک دو ہفتے قبل اتر چکے ہیں۔ ژوان مارٹین ڈیل پوٹرو نے سن 2009 میں یو ایس اوپن کے فائنل میچ میں راجر فیڈرر کو شکست دی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف