1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے اور ڈرون حملے

4 نومبر 2011

پاکستان کے قبائلی علاقوں پر امریکہ کے مبینہ ڈرون حملوں کی مخالفت عوامی سطح پر تو کی جاتی ہے لیکن اب دونوں ملکوں کے سرد مہری کے شکار تعلقات میں ان حملوں کے منفی اثرات دو چند ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/134wj
تصویر: AP

امریکی روزنامے وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات میں پیدا شدہ سردمہری کی وجہ سے امریکی خفیہ ادارے نے خاموشی کے ساتھ ڈرون حملوں کی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے اس کے استعمال کے بنیادی اصولوں میں تبدیلی کر دی ہے۔ اب ان حملوں کے حوالے سے زیادہ سخت پالیسی اپنا لی گئی ہے۔ ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ امکاناً ان حملوں کے موجودہ تعلقات کی نوعیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے اعلیٰ حکام کی مناسبت سے رپورٹ کیا ہے کہ نئے اصولوں کی ضرورت پس پردہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور پینٹا گون کے جارحانہ رویے اور سفارتی حکام کے درمیان پاکستان کے بارے میں پائی جانے والی رسہ کشی بتائی گئی ہے۔ مبینہ ڈرون حملوں کی پالیسی کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں از سر نو جائزہ بھی لیا گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کے ذریعے سینکڑوں انتہاپسند ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں القاعدہ اور طالبان سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد بھی شامل ہیں۔

Anti Terror Arbeit der USA Drohne Flash-Galerie
شب کی تاریکی بھی بغیر پائلٹ کے اڑنے والے ڈرون کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتیتصویر: picture alliance/dpa

اخبار نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ ڈرون حملوں کی پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سفارتی پیچیدگیوں کو کم سے کم کرنا ہے۔ جائزہ میٹنگ کے بعد نئی پالیسی کا ترازو اب امریکی وزارت خارجہ کی جانب جھک گیا ہے۔ میٹنگ میں یہ طے پایا کہ پاکستان کو مزید حملوں کے حوالے سے پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایسے وقت میں ڈرون حملے نہیں کیے جائیں گے جب پاکستانی حکومت کا انتہائی اہم رہنما یا نمائندہ امریکہ کے دورے پر ہو گا۔

نئی پالیسی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ایک سینئر امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے پالیسی کی مناسبت سے حتمی فیصلے کا اختیار خفیہ ادارے سی آئی اے سے واپس نہیں لیا ہے بلکہ اب حملے کے لیے فیصلہ زیادہ افراد کی باہمی مشاورت سے ہو گا۔ پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان ڈرون حملوں کی پالیسی دو پاکستانیوں کو ہلاک کرنے والے امریکی کانٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بعد سے زیر بحث ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں