1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بہترین فٹ بالرز‘ پھر سے لیونل میسی اور مارتا

11 جنوری 2011

فٹ بال کی عالمی فیڈریشن فیفا نے ارجنٹائن کے لیونل میسی کو مسلسل دوسری مرتبہ دنیا کا بہترین فٹ بالر قرار دیا ہے۔ خواتین کھلاڑیوں کے لئے یہ اعزاز مسلسل پانچویں مرتبہ برازیل کی مارتا کودیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zwCq
تصویر: dapd

یہ ایورڈ زیورخ میں ایک تقریب کے موقع پر دیے گئے ہیں، جو فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا اور فرانس فٹبال میگزین کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ قبل ازیں یہ دونوں ادارے ایوارڈز کا اعلان علیٰحدہ علیٰحدہ کیا کرتے تھے۔ اس تقریب کو FIFA Ballon D'Or کا نام دیا گیا، جس میں 23 سالہ میسی کو سال 2010 کے لیے گولڈن فٹبال پیش کیا گیا۔

اس اعزاز کے لیے ان کا مقابلہ ایف سی بارسلونا ہی کے ان کے ساتھی کھلاڑیوں Iniesta اور Xavi سے تھا، جنہوں نے بالترتیب سال کے دوسرے اور تیسرے بہترین کھلاڑیوں کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ دنیائے فٹبال کی یہ سب سے معتبر تقریب تقسیم انعامات پیر کو منعقد کی گئی تھی۔

اگرچہ میسی کو فٹبال کا کامیاب ترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے، تاہم رواں سال ان کا یہ ایورڈ جیتنا حیرت انگیز مانا جا رہا ہے۔ اپنےکلب ایف سی بارسلونا کے لیے میسی نے سال 2010 میں کافی کامیابیاں سمیٹی تھی تاہم عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں جرمنی سے مقابلے میں وہ ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ وہ میچ ارجنٹائن چار کے مقابلے میں صفر سے ہار گیا تھا۔

Andres Iniesta / Lionel Messi/ Xavi Hernandez FC Barcelona Flash-Galerie
ایف سی بارسلونا کلب کےکھلاڑیوں نے ابتدائی تینوں پوزیشنز حاصل کی ہیںتصویر: AP/DW

دوسری جانب Iniesta اور Xavi کی کارکردگی نے اسپین کے لیے پہلی مرتبہ عالمی کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

گو کہ 2010 میسی کے لیے بہترین سال نہیں رہا لیکن ان کو اب بھی دنیائے فٹبال کا سب سے باصلاحیت کھلاڑی مانا جاتا ہے۔ ان کی عمر محض 23 برس ہے اور اس کم عمری میں ہی وہ فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑی بنتے ہوئے اپنے ہم وطن لیجنڈز ڈیاگو میراڈونا اور الفریڈو ڈی سٹیفانو سے کہیں آگے ہیں۔

فیفا کی جانب سے خواتین کے شعبے میں غیر معمولی کار کردگی دکھانے پر دنیا کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اس سال بھی برازیل کی24 سالہ مارتا کے حصے میں آیا، جنہوں نے مسلسل پانچویں مرتبہ یہ ٹرافی حاصل کی ہے۔ امریکی شہر کیلیفورنیا میں ان کا کلب سانتا کلارا گزشتہ برس نومبر میں ختم ہو چکا ہے، اور مارتا کسی بھی کلب سے اب تک وابستہ نہیں ہوئی ہیں۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں