1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ’لَو پریڈ‘ کی تاریخ

25 جولائی 2010

جرمن شہر ڈوئسبرگ میں ’لَو پریڈ‘ کے دوران ہفتے کو بھگدڑ کے باعث اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے۔ لیکن یہ ’لَو پریڈ‘ آخر ہے کیا، کب سے شروع ہوئی اور جرمنی میں اس کی تاریخ کیا ہے؟

https://p.dw.com/p/OTwi
لَو پریڈ کا آغاز دیوار برلن کے انہدام سے قبل سن 1989ء میں مغربی برلن میں ہوا تھاتصویر: ap

اس میلے کا آغاز دیوار برلن کے انہدام سے محض چار ماہ قبل سن 1989ء سے مغربی برلن میں ہوا تھا۔ تب اس پریڈ کے انعقاد کا مقصد امن اور برداشت کے جذبے کو اجاگر کرنے کے علاوہ موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے کو اچھی طرح سے سمجھنے کے احساس کو تقویت بخشنا تھا۔

NO FLASH Loveparade Duisburg 2010
ہر سال اس پریڈ میں عام طور پر دس لاکھ سے بھی زیادہ افراد شرکت کرتے ہیںتصویر: AP

اس پریڈ کا اہتمام سن 1989ء سے لے کر 2006ء تک جرمن دارالحکومت برلن میں سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا رہا لیکن پھر سن 2007ء میں اس پریڈ کی روایت برلن سے جرمنی کے دوسرے شہر منتقل ہوئی۔

لَو پریڈ کو دنیا کی سب سے بڑی ’ٹیکنو ڈانس پارٹی‘ کہا جاتا ہے۔ آجکل اس لَو پریڈ کا اہتمام ’ڈانس میوزک پارٹی‘ کے طور پر ہی کیا جاتا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر سال اس پریڈ میں عام طور پر دس لاکھ سے بھی زیادہ افراد شرکت کرتے ہیں۔ شرکاء میوزک پارٹی کے دوران رقص کرتے ہیں اور پریڈ کے دوران شراب اور بیئر کے مزے بھی لیتے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر اسی قسم کے میلے شہر زیورخ، میکسیکو سٹی، ویانا، کیپ ٹاوٴن، تل ابیب، سڈنی اور اوسلو میں بھی منعقد کئے جاتے ہیں، جن میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: افسر اعوان